صحت

بچوں کا قد کاٹھ بڑھانے کے لئے کون سے سپر فوڈز استعمال کئے جائیں؟

تحقیق کے مطابق ہم جس طرح کی غذائیں کھاتے ہیں (صحت بخش، مضرِ صحت) ویسے ہی ہماری جسامت ہوتی چلی جاتی ہے

لاہور(کھوج صحت)بچوں کا قد کاٹھ بڑھانے کے لئے کون سے سپر فوڈز استعمال کئے جائیں؟اس اعتبار سے ایک نئی رپورٹ سامنے آئی ہے سائنس کہتی ہے قد، کاٹھ، رنگ اور نسل کا انحصار انسانی جین پر ہوتا ہے مگر مختلف غذاؤں کا استعمال بھی انسانی  جسم پر براہِ راست اثر انداز ہوتا ہے۔ طبی تحقیق کے مطابق ہم جس طرح کی غذائیں کھاتے ہیں (صحت بخش، مضرِ صحت) ویسے ہی ہماری جسامت ہوتی چلی جاتی ہے، صحت مند غذا ہماری زندگی طویل، وزن متوازن اور متعدد بیماریوں سے بچاتی ہے جبکہ مضرِ صحت غذائیں انسانی جسم کو پہلے موٹاپے کی جانب لے جاتی ہیں پھر یہی موٹاپا متعدد بیماریوں کا باعث بنتا ہے۔ پھلوں اور سبزیوں میں بہت سی غذائیں ایسی ہیں جن کے استعمال سے آپ اپنا قد کچھ حد تک لمبا، رنگ گورا اور جِلد کو شفاف بنا سکتے ہیں۔

مثال کے طور پر، پروٹین صحت مند نشوونما میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے جبکہ مدافعتی نظام کی بہتری میں بھی مددگار ثابت ہوتا ہے، مزید اگر غذا میں کیلشیم، وٹامن ڈی، میگنیشیم اور فاسفورس کا استعمال بڑھا لیا جائے تو اس سے ہڈیوں کی صحت اور نشوونما بہتر ہو سکتی ہے۔ ماہرینِ اطفال کے مطابق بچوں میں قد کے چھوٹے رہ جانے کی بڑی وجہ غذائیت کی کمی ہوتی ہے جبکہ اگر بچوں کو ماہرین کی جانب سے تجویز کی گئی غذائیں کھلائی جائیں تو ان کی صحت بہتر اور قد لمبا ہو سکتا ہے۔

پھلیوں کا استعمال: ماہرین کے مطابق پھلیاں پروٹین کا ایک بہترین ذریعہ ہیں، پھلیاں ناصرف پروٹین مہیا کرتی ہیں بلکہ ان میں ہڈیوں کے لیے ناگزیر اجزاء کیلشیم، آئرن اور میگنیشیم بھی پایا جاتا ہے۔ مرغی کا گوشت کھائیں: چکن میں موجود پروٹین وٹامن بی 12، نیاسین ، سیلینیم، فاسفورس اور امائنو ایسڈز پائے جاتے ہیں جو تحقیق کے مطابق قد بڑھانے میں مدد گار ثابت ہوتے ہیں۔  اسی لیے ہفتے میں کم از کم ایک بار اور زیادہ سے زیادہ 5 بار اپنے بچوں کو مرغی ضرور کھلائیں۔

بادام: بادام میں وٹامنز، معدنیات، فائبر، مینگنیز اور میگنیشیم کی مقدار پائی جاتی ہے جو ناصرف جسم کو بڑھانے کا کام کرتے ہیں بلکہ ذہن کو بھی تیز بناتے ہیں۔ سبزیاں اور پھل: اپنے بچوں کو تازہ پھل اور ہرے پتے والی سبزیاں کھانے کی عادت ڈالیں کیونکہ ان میں وٹامن اے، سی، ڈی، کیلشیم، کاربوہائیڈریٹس اور پوٹاشیم کی مطلوبہ مقدار پائی جاتی ہے جوکہ قد کو بڑھانے کے لیے اہم ترین اجزا ہیں۔

دہی: دہی میں کئی اہم غذائی اجزاء جیسے کہ کیلشیم، میگنیشیم، فاسفورس اور پوٹاشیم پائے جاتے ہیں جو تحقیق کے مطابق مدافعتی فنکشن کو بہتر بنانے اور قد کو بڑھانے کا اہم کام سرانجام دیتے ہیں۔ شکر قندی: شکر قندی خاص طور پر وٹامن اے سے مالا مال ہوتی ہے جو ہڈیوں کی صحت کو بہتر بنانے کے ساتھ قد کو بڑھانے میں مدد دیتی ہے۔اس میں وٹامن سی، مینگنیز، وٹامن بی 6 اور پوٹاشیم بھی پایا جاتا ہے جو جسمانی ڈھانچے کو قدرتی طور پر بڑھاتا ہے۔

انڈے: انڈوں کو غذائیت کا پاورہاؤس کہا جاتا ہے، یہ ایک مکمل غذا اور سپر فوڈ کہلاتے ہیں، انڈے پروٹین سے مالا مال ہوتے ہیں، ایک تحقیق سے پتہ چلا ہے کہ وہ بچے جن میں وٹامن ڈی کی کمی ہو، ان بچوں کو وٹامن ڈی سپلیمنٹ دینے سے 6 ماہ کے دوران ان کی نشوونما میں اضافہ ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ 874 بچوں پر کی گئی ایک تحقیق میں بتایا گیا کہ باقاعدگی سے انڈے کھانے سے ماہانہ قد میں اضافہ ہوتا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button