بلڈ پریشرکے ریکارڈ سے غفلت دل کی بیماریوں کا سبب
باقاعدگی سے ورزش ، صحت مند غذا کا استعمال، غصے پر قابو سے بلڈ پریشر بہتر رہتا ہے

لاہور(ہیلتھ ڈیسک)ہائی بلڈ پریشر کا شکار افراد میں سے اکثر اس بات پر یقین کرتے ہیں کہ اسے کنٹرول نہیں کیا جاسکتا جب کہ ایسا نہیں ہے اچھی غذا، صحت مند طرز زندگی اور ڈاکٹر کی ہدایات ہر عمل کرنے سے ہائی بلڈ پریشر کا موثر طریقے سے علاج کیا جاسکتا ہے۔ باقاعدگی سے ورزش کرنے، صحت مند غذا کا استعمال، غصے پر قابو رکھنے اور تمباکو نوشی سے پرہیز کرنے سے بلڈ پریشر کی تعداد کو کنٹرول رکھنے میں مدد مل سکتی ہے۔
نمک کا بے جا استعمال نہ صرف بلڈ پریشر بلکہ گردوں کے لیے بھی نقصان دہ ہے۔ نمک کی مقدار کم کرنے سے بلڈ پریشر کو کنڑول رکھنے میں مدد مل سکتی ہے لیکن صرف نمک نکال دینے سے ایسا پوری طرح سے ممکن نہیں ہے بلکہ اس کے ساتھ ساتھ صحت مند طرز زندگی اپنانا بھی نہایت اہم ہے۔اکثر لوگ بلڈ پریشر کنٹرول ہونے کے فورا بعد ادویات کو چھوڑ دیتے ہیں جبکہ ڈاکٹر کے مشورے اور ہدایات کے بغیر ایسا کرنے سے نقصان بھی ہوسکتا ہے لہذا جب تک ہائی بلڈ پریشر مکمل طور پر کنٹرول نہ ہو تمام تر ہدایات پر عمل کو یقینی بنانا ضروری ہے۔
لو بلڈ پریشر افراد اگر کیفین کا استعمال کرتے ہیں تو وہ بلڈ پریشر میں اضافے کا باعث بن سکتا ہے۔ بلڈ پریشر کی شکایت کے افراد کو کیفین والی اشیا کا استعمال کم کرنا چاہیے۔ ہائپر ٹینشن کو خاموش قاتل کہا جاسکتا ہے کیونکہ اکثر اوقات آپ خود اس سے بے خبر ہوتے ہیں۔ اس لیے بلڈ پریشر کا ریکارڈ رکھنے سے اس کو باقاعدہ طور پر کنٹرول کیا جاسکتا ہے۔