صحت

موسم سرما میں اپنے ہونٹ کٹنے یاپھٹنے سے کیسے بچایا جا سکتاہے؟ماہرین نے بتا دیا

ہونٹوں پر زیادہ سے زیادہ بام لگائیں ،ہونٹوں کو زیادہ دیر تک خشک نہ رہنے دیں

لاہور(کھوج نیوز)سرد موسم اپنے ساتھ کئی مسائل لے کر آتا ہے وہیںان میں سے ایک یہ ہے کہ سردی کے دنوں میں چونکہ ہوا میں نمی بہت کم ہوتی ہے اس لئے نہ صرف جلد بلکہ ہونٹ بھی خشک ہوجاتے ہیں اور موسمی اثرات کی بنا پر کٹنے پھٹنے لگتے ہیں۔ اگر باہر ٹھنڈی اور تیز ہوائیں چل رہی ہوں اور اندر آپ نے ہیٹر آن کررکھا ہو تو اس سے بھی نازک جلد کی نمی کم ہوسکتی ہے اور جلد پر خارش محسوس ہونے کے علاوہ ہونٹوں پر زخم بھی بن سکتے ہیں۔

موسم سرما کے دوران دیکھی جانے والی اس عام شکایت سے بچاو کے کئی طریقے موجود ہیں جن پر عمل کرکے آپ ہونٹوں کو پھٹنے سے بچا سکتے ہیں ۔
آپ ہونٹوں پر لگانے والا بام یا مرہم دن میں کئی بار لگائیں لیکن حد سے زیادہ نہیں کیونکہ ہر وقت بام لگائے رکھنے سے آپ کی جلد اسی مصنوعی ذریعے پر انحصار کرنے لگے گی اور ہونٹوں کو قدرتی طور پر نم رکھنے والا عنصر کام نہیں کرے گا۔

رات کو سونے سے پہلے اپنے ہونٹوں کو دوہرا موئسچرائز کریں ۔ پہلے سخت قسم کے شوگر اسکرب کے بجائے نرم کیمیکل سے بننے والے Exfoliant سے ہونٹوں کو صاف کریں اور پھر اس پر لپ ماسک لگائیں ۔ اگر لپ ماسک دستیاب نہ ہو تو 100 فیصد پیٹرولیم جیلی یا ہیلنگ مرہم جس میں Hyaluronic Acid اور سیرامائڈز شامل ہوں، استعمال کئے جاسکتے ہیں تاکہ ہونٹوں کی نمی اندر قید رہے ۔ ہائلورونک ایسڈ نمی بڑھانے کے لئے استعمال کیا جاتا ہے جس سے جھریاں اورشکنیں کم نمودار ہوتی ہیں جب کہ سیرا مائڈز سے جلد سے نمی کا اخراج کم کرنے میں مدد ملتی ہے۔

خواتین لپ اسٹک لگانے سے پہلے اپنے ہونٹوں کو پہلے نم کریں۔ ہونٹ اگر موائسچرائزڈ ہوں تو لپ اسٹک کے اثرات بھی زیادہ دیر تک برقرار رہ سکتے ہیں ۔ہونٹوں پر لگانے کے لئے ایسے بام کا انتخاب کریں جس میں SPF شامل ہوتا ہے تاکہ دھوپ سے اسے کوئی نقصان نہ ہو اور جلد خشک نہ ہو ۔ہونٹوں پر زبان پھیرنے، خشک جلد کے چھلکوں کو دانتوں سے ادھیٹر نے یا ہونٹ کو دانتوں تلے دبانے سے گریز کریں۔ ان عادات سے ہونٹوں کی خشکی مزید بڑھ سکتی ہے اور انفیکشن کے علاوہ خارش بھی زیادہ ہوسکتی ہے ۔

صبح اور رات کے اوقات میں آپ اپنی جلد کی حفاظت کے لئے جو کچھ کرتے ہیں اس میں ہونٹوں کو بھی شامل رکھیں ۔ اس طرح ہونٹ نہ صرف مسلسل نمی سے لبریز رہیں گے بلکہ ہونٹوں کی نازک جلد کٹنے پھٹنے سے بھی محفوظ رہے گی ۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button