رواں سال پاکستان میں فلو ،نزلہ اور بخار کیوں تیزی سے پھیل رہا ہے ؟
ملک بھر میں 2025 کی ابتدا ہی فلو، نزلہ اور بخار کی غیر معمولی لہر کے ساتھ ہوئی ہے، ہر دوسرا گھر نزلہ، زکام اور بخار کی لپیٹ میں ہے

لاہور(ہیلتھ ڈیسک) ملک بھر میں 2025 کی ابتدا ہی فلو، نزلہ اور بخار کی غیر معمولی لہر کے ساتھ ہوئی ہے، ہر دوسرا گھر نزلہ، زکام اور بخار کی لپیٹ میں ہے۔
ماہرین کے مطابق اس بار وائرس ناصرف زیادہ شدت کے ساتھ پھیل رہا ہے بلکہ اس کا دورانیہ بھی طویل ہے۔2025 کے صرف 4 مہینے گزرے ہیں، لیکن فلو، نزلہ اور بخار نے ملک بھر میں لوگوں کو شدید متاثر کیا ہے۔ماہرینِ صحت کا کہنا ہے کہ وائرس کی شدت، مدت اور پھیلاؤ پچھلے سالوں سے کہیں زیادہ ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ صرف فلو نہیں، بلکہ موسمیاتی تبدیلی کا وہ اثر ہے جو اب ہماری صحت کو براہِ راست نقصان پہنچا رہا ہے۔طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس بار فلو سیزن معمول سے ناصرف زیادہ طویل ہے بلکہ فروری میں انفلوئنزا کے کیسز کی شرح سب سے زیادہ رہی ہے۔دوسری جانب ماہرینِ ماحولیات کے مطابق پاکستان ان ممالک میں شامل ہے، جو موسمیاتی تبدیلی کا سبب بننے کے بجائے اس کا سب سے زیادہ نقصان اٹھا رہے ہیں جو صحتِ عامہ کے لیے ایک چیلنج بنتا جارہا ہے۔
ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اگر موسمیاتی تبدیلیوں پر قابو نہ پایا گیا تو بدلتا موسم ہماری صحت پر پہلے سے زیادہ اثر ڈالے گا۔