جھلسا دینے والےموسم گرما میں شدت،احتیاطی تدابیر اختیارکرنےکا مشورہ دے دیا گیا
ماہرین کا کہنا ہے کہ گرمی کے موسم میں پانی اور مشروبات کا زیادہ استعمال، ہلکی غذا کا انتخاب، اور جسم کو ٹھنڈا رکھنے والی تدابیر اپنانا نہایت ضروری ہے

لاہور(کھوج صحت) شدید گرمی کی لہر جاری: ماہرین صحت نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دے دیا۔ ملک کے مختلف علاقوں میں شدید گرمی کی لہر جاری ہے جس کے پیش نظر ماہرین صحت نے عوام کو اپنی صحت کا خاص خیال رکھنے اور احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت کی ہے۔
ماہرین کے مطابق گرمی کی شدت سے ہیٹ اسٹروک، پانی کی کمی، تھکن اور دیگر مسائل جنم لے سکتے ہیں جن سے بچاؤ صرف احتیاط سے ہی ممکن ہے۔ ماہرین نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ دن کے اوقات میں بلا ضرورت باہر نکلنے سے گریز کریں اور اگر نکلنا ضروری ہو تو ہلکے رنگ کے سوتی کپڑے، چشمہ اور ہیٹ استعمال کریں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ گرمی کے موسم میں پانی اور مشروبات کا زیادہ استعمال، ہلکی غذا کا انتخاب، اور جسم کو ٹھنڈا رکھنے والی تدابیر اپنانا نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر کسی کو جسم گرم محسوس ہو، چکر آئیں یا متلی ہو تو فوری طور پر سائے دار جگہ پر آرام کریں اور نمک شکر والا پانی استعمال کریں۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ گرمی کے موسم میں چھوٹے بچوں، بزرگوں اور مریضوں کا خاص خیال رکھا جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے۔