صندل کا شربت گرمیوں میں قدرتی ٹھنڈک کا ذریعہ، ماہرین صحت کا مشورہ
ماہرین کے مطابق صندل کا شربت نہ صرف جسم کو اندرونی طور پر ٹھنڈک فراہم کرتا ہے بلکہ ہیٹ اسٹروک، پانی کی کمی اور تھکن جیسے مسائل سے بھی محفوظ رکھتا ہے

لاہور(کھوج صحت) گرمیوں کی شدت میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے اور ایسے میں ماہرین صحت نے عوام کو صندل کے شربت کو روزمرہ استعمال میں شامل کرنے کا مشورہ دے دیا ہے۔ ماہرین کے مطابق صندل کا شربت نہ صرف جسم کو اندرونی طور پر ٹھنڈک فراہم کرتا ہے بلکہ ہیٹ اسٹروک، پانی کی کمی اور تھکن جیسے مسائل سے بھی محفوظ رکھتا ہے۔ صندل میں موجود قدرتی اجزاء دل و دماغ کو سکون دیتے ہیں اور جلد کو گرمی کے مضر اثرات سے بچاتے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ شہری روزانہ ایک سے دو گلاس صندل کا شربت استعمال کریں، خاص طور پر دوپہر کے وقت یا دھوپ سے واپسی پر، تاکہ گرمی کے منفی اثرات سے بچا جا سکے۔ شربت تیار کرتے وقت ایک گلاس ٹھنڈے پانی میں 2 سے 3 چمچ صندل کا شربت ملا کر پینا مفید رہتا ہے۔
واضح رہے کہ ذیابیطس یا بلڈ پریشر کے مریض اس شربت کے استعمال سے قبل اپنے معالج سے مشورہ ضرور کریں۔ ماہرین نے مزید کہا ہے کہ گرمیوں میں قدرتی اور مقوی مشروبات جیسے صندل، لیموں پانی، اور لسی کا استعمال بڑھایا جائے تاکہ موسمی بیماریوں سے بچاؤ ممکن ہو۔