جسم میں وٹامن ڈی کی کمی سے کیا نقصانات ہوتے ہیں؟

برطانیہ (ہیلتھ ڈیسک) جسم میں وٹامن ڈی کی کمی سے کیا نقصانات ہوتے ہیں؟ اس حوالے سے برطانیہ کی آکسفورڈ یونیورسٹی میں ہونے والی طبی تحقیق میں چونکا دینے والے انکشاف سامنے آیا ہے۔
انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق برطانیہ کی آکسفورڈ یونیورسٹی کی تحقیق میں دریافت ہوا کہ وٹامن ڈی کی کمی کے شکار افراد میں نظام تنفس کے انفیکشنز سے متاثر ہونے یا اس کے باعث اسپتال میں داخلے کا خطرہ 33 فیصد زیادہ ہوتا ہے۔ اس تحقیق میں36 ہزار افراد کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا اور دیکھا گیا کہ جسم میں وٹامن ڈی کی سطح سے نظام تنفس کے انفیکشنز سے اسپتال میں داخلے کے خطرے پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ ان میں مختلف وائرل اور بیکٹریل بیماریاں جیسے فلو، نمونیا اور دیگر سے متاثر ہونے کے خطرے کا جائزہ بھی لیا گیا۔
ماضی کی تحقیقی رپورٹس میں جسم میں وٹامن ڈی کی کمی کو کووڈ کی سنگین شدت سے منسلک کیا گیا تھا جو کہ نظام تنفس کا ہی ایک مرض ہے۔ تحقیق کے نتائج میں انکشاف ہوا کہ جو افراد وٹامن ڈی کی شدید کمی کے شکار ہوتے ہیں، ان میں نظام تنفس کی بیماریوں سے اسپتال پہنچنے کا خطرہ دیگر کے مقابلے میں زیادہ ہوتا ہے۔ تحقیق کے مطابق جسم میں وٹامن ڈی کی سطح میں معمولی اضافے سے نظام تنفس کے امراض سے متاثر ہونے یا اسپتال میں داخلے کا خطرہ 4 فیصد تک گھٹ جاتا ہے۔ اس تحقیق میں جن افراد کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا تھا ان میں سے 2255 افراد نظام تنفس کے کسی مرض کے باعث اسپتال میں داخل ہوئے۔



