انٹرنیشنل

کٹر یہودی نوجوانوں کی فوج میں بھرتیاں، اسرائیلی عدالت نے حیران کن فیصلہ سنا دیا

ریاست کو انتہائی کٹر یہودی مردوں کو فوجی خدمات کے لیے بھرتی کرنا چاہیے یہ ایک ایسا فیصلہ ہے جو ممکنہ طور پر وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کے حکمران اتحاد کو غیر مستحکم کر سکتا ہے

اسرائیل(مانیٹرنگ ڈیسک) کٹر یہودی نوجوانوں کی فوج میں بھرتیوں کے حوالے سے اسرائیلی عدالت نے حیران کن فیصلہ سنایا جس کے بعد یورپی ممالک میں تہلکہ مچ گیا ہے۔

انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق اسرائیل کی اعلی ترین عدالت نے اپنے متفقہ فیصلے میں کہا ہے کہ ریاست کو انتہائی کٹر یہودی مردوں کو فوجی خدمات کے لیے بھرتی کرنا چاہیے۔ یہ ایک ایسا فیصلہ ہے جو ممکنہ طور پر وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کے حکمران اتحاد کو غیر مستحکم کر سکتا ہے۔ سیاست سے منسلک اس معاملے پر ہائی کورٹ آف جسٹس نے ایک ایسے موقع پر فیصلہ سنایا ہے جب الٹرا آرتھو ڈوکس یہودی مردوں کو فوجی خدمات کے لیے طلب کرنے سے متعلق اپیلوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انتہائی قدامت پسند یہودی خود کو فوجی خدمات سے بچا لیتے ہیں۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں لکھا ہے کہ کسی مناسب قانونی ڈھانچے کی عدم موجودگی میں انتظامیہ کے پاس یہ اختیار نہیں ہے کہ وہ سیکیورٹی فورسز کے قانون کا یشیوا کے طالب علموں پر اطلاق نہ کرنے کا حکم دے۔ عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ یہودی مذہبی مدارس کے طلبا کو فوجی خدمات سے استثنی قرار دینے کے قانون کی عدم موجودگی میں ریاست کو قانون کے نفاذ کے لیے کام کرنا چاہیے۔ عدالت کے حکم میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ حکومت یشیوا کے ان طلبا کی مالی امداد روک دے جو فوجی خدمات سے خود کو بچاتے ہیں۔ عدالت کا یہ فیصلہ سول سوسائٹی کے ان گروپوں کے حق میں ہے جو الٹرا آرتھوڈوکس یعنی کٹر اور راسخ العقیدہ یہودی مردوں کو لازمی فوجی بھرتی کے قانون کے تابع لانے کا مطالبہ کر رہے تھے۔

کٹر یہودیوں کو فوج میں بھرتی کرنے کے مطالبات میں ایک ایسے وقت میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے جب اسرائیل کی غزہ میں حماس کے خلاف جنگ جاری ہے اور لبنان کی سرحد پر بھی جنگ چھڑنے کے امکانات موجود ہیں، جس کے لیے اضافی فوجیوں کی ضرورت ہے۔ یشیوا یہودی مذہبی درسگاہیں ہیں جہاں مردوں کو مذہبی معاملات کی تعلیم دی جاتی ہے۔ فوج میں لازمی بھرتی کے قانون کے باوجود یشیوا کے طالب علموں کو فوجی خدمات کے لیے طلب نہیں کیا جاتا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button