محسن نقوی کی خصوصی عشائیہ میں شرکت، امریکی سینیٹرز اور کانگریس ممبران سے ملاقات
صدر ٹرمپ کے دور میں پاکستان اور امریکہ کے تعلقات کا ایک نیا باب شروع ہوگا اور دونوں ممالک کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے' صدارت سنبھالنے پر مبارکباد بھی دی

واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے امریکن میں لنکن لبرٹی بال میں ہونے والی ایک خصوصی عشائیہ تقریب میں شرکت کی جہاں امریکی سینیٹرز اور کانگریس ممبران سے ملاقات بھی کی۔
انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق وزیر داخلہ محسن نقوی نے امریکی سینیٹرز، ممبران کانگریس اور اہم شخصیات سے ملاقاتیں کیں، جن میں سینٹر ٹومی ٹیوبر ویل، ممبر کانگریس کین کلورٹ، سابق برطانوی وزیراعظم لز ٹراس اور گورنر میسیپی فلپ برینٹ شامل تھے۔ محسن نقوی نے تقریب کے دوران امریکی سینیٹرز و ممبران کانگریس کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی صدارت سنبھالنے پر مبارکباد دی اور امریکی عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج امریکہ کے لیے ایک تاریخی دن ہے، اور امریکی عوام صدر ٹرمپ سے محبت کرتے ہیں۔ وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ صدر ٹرمپ کے دور میں پاکستان اور امریکہ کے تعلقات کا ایک نیا باب شروع ہوگا اور دونوں ممالک کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ امریکی عوام کے لیے نیک تمناں کا اظہار کرتے ہیں اور توقع رکھتے ہیں کہ مستقبل میں دونوں ممالک کے تعلقات میں مزید بہتری آئے گی۔