ٹرمپ کی دھمکی، گرین لینڈ شہریوں کا دوٹوک جواب بھی سامنے آگیا
سروے میں گرین لینڈ کے رہائشیوں کی غالب اکثریت یعنی 85 فیصد نے کہا کہ وہ امریکا کے ساتھ شامل نہیں ہونا چاہتے' خطے میں صدر ٹرمپ کی دلچسپی بہت بڑا خطرہ ہے

کوپن ہیگن (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے دھمکی لگائی گئی تھی کہ وہ گرین لینڈ کو امریکہ میں ضم کر لیں گے جس پر گرین لینڈ کے شہریوں کا دوٹوک جواب بھی سامنے آگیا ہے۔
انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق ایک سروے میں امریکا کے ساتھ شامل ہونے کے حوالے سے گرین لینڈ میں رہنے والوں سے ان کی رائے پوچھی گئی۔ سروے میں گرین لینڈ کے رہائشیوں کی غالب اکثریت یعنی 85 فیصد نے کہا کہ وہ امریکا کے ساتھ شامل نہیں ہونا چاہتے۔ 6 فیصد رہائشیوں نے امریکا میں شامل ہونے کی حمایت کی جبکہ 9 فیصد نے اس حوالے سے کوئی رائے ظاہر نہیں کی۔ سروے کے نتائج میں بتایا گیا کہ گرین لینڈ کے 45 فیصد رہائشی اس خطے میں صدر ٹرمپ کی دلچسپی کو خطرہ سمجھتے ہیں جبکہ 43 فیصد اسے ایک موقع سمجھتے ہیں۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ حلف اٹھانے سے قبل اور اس کے بعد بھی ڈنمارک کے خودمختار علاقے گرین لینڈ کو امریکا میں شامل کرنے کی خواہش ظاہر کرتے رہے ہیں اور اس کے لیے سخت ٹیرف عائد کرنے اور طاقت کا استعمال کرنے کا امکان بھی ظاہر کرچکے ہیں۔



