انٹرنیشنل

کینیڈا کی محصولات بڑھانے پر ،ٹروڈو کا ٹرمپ کو منہ توڑ جواب

کینیڈا کے وزیرِ اعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا ہے کہ کینیڈا امریکی اشیا پر 25 فیصد محصولات عائد کرے گا،ٹروڈو نے خبردار کیا کہ محصولات سے دیرینہ اتحادی امریکہ کو نقصان ہو گا

کینیڈا (مانیٹرنگ ڈیسک)کینیڈا کے وزیرِ اعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا ہے کہ کینیڈا 155 بلین کینیڈین ڈالر (106.5 بلین امریکی ڈالر) مالیت کی امریکی اشیا پر 25 فیصد محصولات عائد کرے گا۔ یہ اقدام امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے عائد کردہ محصولات کے جواب میں کیا گیا ہے۔ٹروڈو نے کہا کہ 30 بلین کینیڈین ڈالر منگل سے اور 125 بلین 21 دنوں میں عائد ہوں گے۔

چین نے بھی کہا ہے کہ وہ بیجنگ پر عائد نئے محصولات کی "سخت مخالفت” کرتا ہے اور اس نے "اپنے حقوق اور مفادات کے پختہ تحفظ کے لیے اسی طرح کے جوابی اقدامات” کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔

ٹرمپ نے ایک صدارتی حکم نامہ پر دستخط کیے تھے جس کے تحت منگل سے کینیڈا اور میکسیکو کی تمام اشیا پر 25 فیصد ٹیرف عائد کیا گیا، سوائے کینیڈا کی توانائی کی مصنوعات کے جن پر 10 فیصد ڈیوٹی عائد ہو گی۔

ٹروڈو نے خبردار کیا کہ محصولات سے دیرینہ اتحادی امریکہ کو نقصان ہو گا۔ انہوں نے کینیڈا کے باشندوں کو ترغیب دی کہ وہ کینیڈین مصنوعات خریدیں اور چھٹیاں امریکہ کے بجائے ملک میں ہی گذاریں۔انہوں نے کہا، بعض نان ٹیرف اقدامات بشمول اہم معدنیات، توانائی کی خریداری اور دیگر شراکت داریوں سے متعلقہ معاملات زیرِ غور ہیں۔

ٹرمپ نے چین کے خلاف وسیع پیمانے پر اقدامات بھی ظاہر کیے اور موجودہ ڈیوٹی کے ساتھ چینی درآمدات پر اضافی 10 فیصد ٹیرف کا اعلان کیا۔چین کی وزارتِ تجارت نے واشنگٹن کے "غلط طرزِ عمل” پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بیجنگ "اس سے اتنہائی غیر مطمئن ہے اور اس کی سختی سے مخالفت کرتا ہے۔”

وزارت نے کہا کہ بیجنگ عالمی ادار تجارت (ڈبلیو ٹی او) میں ایک مقدمہ دائر کرے گا۔ اس نے یہ دلیل دی کہ "امریکہ کا یکطرفہ طور پر محصولات عائد کرنا ڈبلیو ٹی او کے قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔”وزارت نے کہا، "چین امید کرتا ہے کہ امریکہ دوسرے ممالک کو ہر موقع پر ٹیرف کی دھمکی دینے کے بجائے اپنے فینٹانائل جیسے مسائل کو معروضی اور عقلی طور پر دیکھے گا اور ان سے نمٹے گا۔ بیجنگ نے امریکہ پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے غلط طرزِ عمل کو درست کرے، چین کے ساتھ کوئی درمیانی راہ نکالے، اپنے مسائل کا سامنا، کشادہ دلی سے مکالمہ، تعاون کو مضبوط کرے اور اختلافات سے مساوات، باہمی مفاد اور باہمی احترام کی بنیاد پر نمٹے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button