نیا پوپ کیسے منتخب کیا جا تا ہے اور نئے انتخابی عمل تک اختیارات کس کے پا س ہوتے ہیں؟
پوپ کے انتقال کے بعد ویٹی کن میں ایک خاص دور شروع ہوتا ہے جسے عبوری دورکہا جاتا ہے،پوپ کے بعد تما م اختیارات کارڈینلز کے ایک گروپ کے پاس آ جاتے ہیں

ویٹی کن سٹی(مانیٹرنگ ڈیسک) پوپ کے انتقال کے بعد ویٹی کن میں ایک خاص دور شروع ہوتا ہے جسے سیڈے ویکانتے (sedevacante )یاعبوری دورکہا جاتا ہے۔ اس دوران تمام اختیارات کارڈینلز کے ایک گروپ کے پاس آ جاتے ہیں، مگر کوئی بڑا فیصلہ نہیں کیا جاتا جب تک نیا پوپ منتخب نہ ہو جائے۔
پوپ کی وفات کے تقریبا 15 سے 20 دن بعد، ویٹی کن سٹی کے معروف سسٹین چیپل میں 80 سال سے کم عمر کے کارڈینلز جمع ہوتے ہیں۔ اس جگہ کو مکمل طور پر بند کر دیا جاتا ہے اور نیا پوپ خفیہ ووٹنگ کے ذریعے منتخب کیا جاتا ہے۔ہر دن چار بار تک ووٹنگ ہو سکتی ہے۔ جس امیدوار کو دو تہائی ووٹ مل جاتے ہیں، وہ نیا پوپ بن جاتا ہے۔ اگر 33 ووٹنگ کے بعد بھی فیصلہ نہ ہو سکے تو سرفہرست دو امیدواروں کے درمیان آخری مقابلہ ہوتا ہے۔
ووٹنگ کے بعد بیلٹ پیپر جلا دیے جاتے ہیں۔ اگر کوئی فیصلہ نہ ہو، تو چیپل سے کالا دھواں نکلتا ہے، جو اس بات کا اشارہ ہوتا ہے کہ ابھی نیا پوپ نہیں چنا گیا۔ جب نیا پوپ منتخب ہو جاتا ہے، تو سسٹین چیپل سے سفید دھواں نکلتا ہے یہ لمحہ دنیا بھر کے کروڑوں کیتھولک افراد کے لیے خوشخبری کا اعلان ہوتا ہے۔



