حکومت کا انقلابی قدم ،تمام سرکاری اسکولوں میں مصنوعی ذہانت کی تعلیم لازمی قرار
متحدہ عرب امارات تمام سرکاری اسکولوں میں نرسری سے جماعت 12 تک مصنوعی ذہانت (AI) کو لازمی قرار دیا گیا ہے

دبئی(مانیٹرنگ ڈیسک) متحدہ عرب امارات کی کابینہ نے ایک تاریخی فیصلہ کرتے ہوئے ملک بھر کے تمام سرکاری اسکولوں میں نرسری سے جماعت 12 تک مصنوعی ذہانت (AI) کو لازمی مضمون کے طور پر شامل کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ یہ نصاب آئندہ تعلیمی سال سے نافذ ہوگا۔
یہ اعلان متحدہ عرب امارات کے نائب صدر، وزیراعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اپنے بچوں کو ایک ایسے وقت کے لیے تیار کریں جو ہمارے زمانے سے بالکل مختلف ہوگا۔
وزارت تعلیم کی جانب سے تیار کردہ یہ جامع نصاب نہ صرف ڈیٹا، الگورتھم، مشین لرننگ اور AI کے مختلف استعمالات پر مشتمل ہوگا بلکہ طلبہ کو اخلاقی پہلوؤں، ڈیٹا پرائیویسی اور الگورتھم کی شفافیت جیسے حساس موضوعات سے بھی روشناس کرایا جائے گا۔
یہ قدم UAE کو دنیا میں AI کی تعلیم کے میدان میں صفِ اول میں لے آیا ہے، کیونکہ ابھی دنیا کے بیشتر ممالک اس سطح پر AI کو لازمی نصاب کا حصہ نہیں بنا پائے ہیں۔اس فیصلے کا مقصد صرف تکنیکی مہارتیں دینا نہیں بلکہ بچوں کو یہ سکھانا ہے کہ ٹیکنالوجی معاشرے پر کیسے اثر انداز ہوتی ہے، اور اسے ذمہ داری سے کیسے استعمال کیا جائے۔