مدینہ منورہ خوفناک بس حادثہ، 24سالہ نوجوان بال بال بچ گیا

مدینہ منور ہ(مانیٹرنگ ڈیسک) گزشتہ روز مدینہ منورہ بس حادثے میں بھارت سے تعلق رکھنے والے 45 عمرہ زائرین جاں بحق ہوگئے تاہم اس سفر کا واحد 24 سالہ نوجوان بال بال بچ گیا۔
انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق حادثے کے نتیجے میں بس میں سوار 46 مسافروں میں سے 45 جائے وقوعہ پر ہی دم توڑ گئے تھے تاہم ایک نوجوان محمد عبدالشعیب زندہ بچ گیا۔ میڈیا کے مطابق عمرہ زائرین کی بس جب آئل ٹینکر کی ٹکر کی زد میں آئی اس وقت بھارتی حیدرآباد کے رہائشی عبد الشعیب ڈرائیور سیٹ کے قریب بیٹھے ڈرائیور سے ہی بات کررہے تھے۔
حادثے کے فوری بعد اور بس میں آگ لگنے سے قبل عبد الشعیب نے حاضر دماغی دکھاتے ہوئے ڈرائیور کے پاس موجود بس کی کھڑکی سے باہر چھلانگ لگا دی تاہم حادثہ اتنا خوفناک تھا کہ دوسرے مسافروں کو حرکت کرنے یا بس سے کودنے کا موقع نہ مل سکا اور چند ہی لمحوں میں سب جل کر راکھ ہو گئے۔میڈیا کے مطابق زندہ بچ جانے والے محمد عبدالشعیب سعودیہ کے اسپتال کے آئی سی یو میں داخل ہیں۔
محمد عبدالشعیب کے رشتے دار محمد تحسین نے بتایا کہ عبدالشعیب سعودی عرب کی ایک نجی فرم میں ملازم ہے، عبد الشعیب اپنے والدین ، دادا اور چچا کی فیملی کے 3 افراد کے ساتھ عمرے پر گیا تھا،گزشتہ روز صبح ساڑھے 5 بجے کے قریب شعیب کا فون آیا تھا، اس نے زخمی حالت میں ہمیں بتایا کہ حادثے میں اس نے اپنے والدین، دادا، چچا اور ان کے خاندان کے افراد کو کھودیا ہے لیکن وہ بس سے زندہ بچ نکلنے میں کامیاب ہوگیا ہے۔ محمد تحسین کے مطابق بعد ازاں ہماری اس سے کوئی بات نہیں ہوسکی کیوں کہ ہمیں بتایا گیا ہے کہ عبد الشعیب اسپتال میں داخل ہے۔



