بیرسٹر گوہر نے سینیٹ کی قرارداد کو غیر آئینی اور غیر قانونی قرار دیدیا
چند سیاسی جماعتوں کی جانب سے سینیٹ کے فلور کے ذریعے عام انتخابات کو 8 فروری کی مقررہ تاریخ سے آگے لے کر جانے کی کوشش آئین اور جمہوریت پر یلغار ہے
اسلام آباد(کھوج نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے الیکشن ملتوی کرانے کے لیے سینیٹ کی قرارداد کو غیر آئینی، غیرقانونی اور غیر جمہوری قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء بیرسٹر گوہر خان نے ایوانِ بالا کی جانب سے انتخابات کو ملتوی کرنے کی قرارداد کی منظوری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ چند سیاسی جماعتوں کی جانب سے سینیٹ کے فلور کے ذریعے عام انتخابات کو 8 فروری کی مقررہ تاریخ سے آگے لے کر جانے کی کوشش آئین اور جمہوریت پر یلغار ہے، عوام اور الیکشن سے خوفزدہ عناصر نے انتخابات کے التوا کی ماورائے دستور قرارداد کی منظوری کے ذریعے ایوانِ بالا کا تقدس پامال کیا۔
بیرسٹر گوہر کا مزید کہنا تھا کہ دستور کی مقرر کردہ 90 روز کی مدت میں شفاف انتخابات کا انعقاد الیکشن کمیشن اور نگران حکومت کی آئینی ذمہ داری ہے، عام انتخابات کے التوا کی غیرآئینی وغیر جمہوری قرارداد کی مںظوری عدالتِ عظمی کے حکم کی خلاف ورزی اورتوہینِ عدالت ہے، پاکستان تحریک انصاف عام انتخابات کے لیے پوری طرح تیار ہے اور انتخابات میں تاخیر کی مذموم کوششوں کو کسی صورت قبول نہیں کرے گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ سپریم کورٹ سینیٹ سے منظور شدہ قرارداد کا فوری نوٹس لیتے ہوئے انتخابات کو التوا کا شکار کرنے یا ان کی شفافیت پر اثر انداز ہونے کی کوششوں کے تدارک کے لیے مثر اقدام کرے۔