حکومت کی نجکاری کے معاملے پر بلاول بھٹو زرداری میدان میں کود پڑے
پی آئی اے اور اسٹیل ملز سمیت دیگر اداروں کی نجکاری کے بجائے انہیں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت چلایا جائے: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری
کراچی(کھوج نیوز) حکومت کی نجکاری کے معاملے پر پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری میدان میں کود پڑے ہیں اور انہوں نے بڑا بیان داغتے ہوئے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وفاقی حکومت کی نجکاری پالیسی کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی آئی اے اور اسٹیل ملز سمیت دیگر اداروں کی نجکاری کے بجائے انہیں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت چلایا جائے، وفاق 18ترمیم کے تحت صوبوں کو وزارتیں اور ادارے دے، اسٹیل ملز کی زمین سندھ کی ملکیت ہماری مرضی کے بغیر فیصلے نہ کریں، اگر وفاقی حکومت کو اسٹیل ملز نہیں چاہیے تو حکومت سندھ خرید لے گی،آئندہ بجٹ میں سندھ اور بلوچستان کے مزدوروں کی تنخواہیں بڑھائیں گے، ای او بی آئی جیسے اداروں کو صوبوں کے حوالے کریں، وفاقی حکومت مہنگائی کو مد نظر رکھتے ہوئے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کرے، مزدور کی محنت سے دنیا بھر میں معیشت چلتی ہے، انہیں محنت کا صلہ ملنا چاہیے۔