سپیکر ، وزیراعظم اور صدر کا انتخاب، مولانا کا نواز اور زرداری کو کرارا جواب
ہم ووٹ کا حق استعمال نہیں کریں گے، اپوزیشن میں بیٹھیں گے، جے یو آئی وزیراعظم، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے الیکشن میں شریک نہیں ہو گی
اسلام آباد(کھوج نیوز) جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ جمعیت علماء اسلام اسپیکر، وزیراعظم اور صدر کے الیکشن کا حصہ نہیں بنے گی اور ہم اپوزیشن میں بیٹھیں گے۔
تفصیلات کے مطابق جے یو آئی (ف) مولانا فضل الرحمان سے پوچھا گیا کیا صدر، وزیراعظم اور اسپیکر کیلئے آپ ووٹ دیں گے۔ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا ہم ووٹ کا حق استعمال نہیں کریں گے، اپوزیشن میں بیٹھیں گے، جے یو آئی وزیراعظم، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے الیکشن میں شریک نہیں ہو گی۔ احتجاج کی تحریک کو آگے بڑھانے سے متعلق سوال پر مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا انتظار کریں، ان شااللہ عوام کی نمائندگی ہم کریں گے۔
نواز شریف سے ملاقات سے متعلق سوال پر سربراہ جے یو آئی ف کا کہنا تھا ابھی نواز شریف سے ملاقات نہیں ہوئی، رات کو وفد آیا تھا جس میں مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی، بلوچستان عوامی پارٹی اور آئی پی پی کے نمائندے شامل تھے، ان کے ساتھ اچھی گفتگو ہوئی،ان سے ہماری بے تکلفی تو ہے۔ فضل الرحمان کا کہنا تھا جے یو آئی اس پارلیمنٹ میں حصہ نہیں لے گی جس کا نتیجہ عوام کے ہاتھ میں نا ہو، اس ایوان میں ہمیں کوئی حق نہیں کہ کسی کارروائی میں حصہ لیں، ہم اس ایوان کو عوام کانمائندہ کم سمجھتے ہیں۔