ملیکہ بخاری کی وزیراعظم سے درخواست پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازکا کوئیک ایکشن
سابق رکن قومی اسمبلی ملیکہ بخاری کا کہنا ہے کہ انھیں مطلع کیا گیا ہے کہ ان کا نام نو فلائی لسٹ سے ہٹا دیا گیا ہے
لاہور(کھوج نیوز)ملیکہ بخاری کی وزیراعظم سے درخواست پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کا کوئیک ایکشن،رپورٹ کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی سابق رکن قومی اسمبلی ملیکہ بخاری کا کہنا ہے کہ انھیں مطلع کیا گیا ہے کہ ان کا نام نو فلائی لسٹ سے ہٹا دیا گیا ہے اور اس ضمن میں انھوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کا شکریہ ادا کیا ہے۔
پنجاب کی وزیراطلاعات عظمیٰ بخاری کےمطابق مریم نواز شریف کی ’انڈرٹیکنگ‘ پرملیکہ بخاری کو بیرون ملک سفر کے لیے ’ون ٹائم اجازت‘ دلوائی گئی ہے۔ ملیکہ بخاری نےگذشتہ روزایک پیغام میں وزیراعظم شہبازشریف سے درخواست کی تھی کہ وہ اپنی علیل بڑی بہن سے ملاقات کے لیے بیرون ملک جانا چاہتی ہیں جس کا نوٹس خود مریم نواز نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر لیا تھا۔
وزارت داخلہ کے ذرائع کے مطابق نو فلائی لسٹ میں ان افراد کا نام شامل ہوتا ہے جن کے بارے میں کسی عدالت نے کوئی حکم نامہ جاری کیا ہو یا پھر نیب، ایف آئی اے یا قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کی طرف سے اس شخص کو لسٹ میں ڈالنے کی درخواست کی گئی ہو۔
خیال رہے کہ ملیکہ بخاری کو نو مئی کے واقعات کے بعد ایم پی او کے تحت گرفتارکیا گیا تھا اور اڈیالہ جیل سے رہائی کے بعد ایک پریس کانفرنس کے ذریعے انھوں نے پاکستان تحریک انصاف چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔