پنجاب اور وفاق میں کوآرڈنیشن ، نوازشریف کے ہم خیال وفاقی کابینہ میں شامل
وفاقی حکومت میں نظر آنے والی تبدیلوں کو زیادہ اہم اس لیے سمجھا جا رہا ہے کیونکہ رانا ثنا اللہ اور اسحاق ڈار دونوں ہی نواز شریف کے قریب سمجھے جاتے ہیں
اسلام آباد(کھوج نیوز) پنجاب اور وفاق میں کوآرڈنیشن کے معاملہ پر مسلم لیگ ن کے قائد و سابق وزیراعظم میاں نوازشریف کے ہم خیال وفاقی کابینہ میں شامل ہو چکے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے پاکستان مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ کو اپنا مشیر برائے سیاسی و عوامی امور مقرر کرنے کی خبر نے پاکستان کے سیاسی حلقوں میں ایک نئی بحث کو جنم دیا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ چند روز قبل ہی وزیرِاعظم شہباز شریف نے وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار کو نائب وزیرِاعظم مقرر کیا تھا۔ وفاقی حکومت میں نظر آنے والی تبدیلوں کو زیادہ اہم اس لیے سمجھا جا رہا ہے کیونکہ رانا ثنا اللہ اور اسحاق ڈار دونوں ہی وزیرِاعظم شہباز شریف کے بڑے بھائی نواز شریف کے قریب سمجھے جاتے ہیں۔ رانا ثنا اللہ کا شمار ن لیگ کے ان سنیئر رہنماؤں میں ہوتا ہے جو کہ رواں برس عام انتخابات میں شکست کے سبب اسمبلی تک نہ پہنچ سکے تھے۔ رانا ثنا اللہ اور میاں جاوید لطیف انتخابات کے بعد ن لیگ کے اندر سے اٹھنے والی ان آوازوں میں سے تھے جو اپنی ہی جماعت کی کابینہ سے خوش نہیں تھے۔ رانا ثنا اللہ متعدد مرتبہ وزیرِ داخلہ محسن نقوی اور وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب پر تنقید کرتے ہوئے نظر آئے۔ ایک موقع پر انھوں نے محسن نقوی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا تھا کہ یہ ان کی مہربانی ہے کہ وہ وزیرِاعظم نہیں بننا چاہتے اور وزارتِ داخلہ پر ہی اکتفا کیا ہوا ہے انھوں نے۔ وہ جو چاہے بن سکتے ہیں۔