پولیس کی ہٹ دھرمی ، حلیم عادل شیخ رہائی کیلئے ترلے منتیں کرنے پر مجبور
پی ٹی آئی کے رہنماء حلیم عادل شیخ کی 9مئی کے مقدمات میں ضمانت منظور ہونے کے باوجود پولیس نے ان کے خلاف مزید 3مقدمات درج کر لیے
کراچی(کھوج نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کے بعد ان کی پارٹی سے تعلق رکھنے والے حلیم عادل شیخ کے لئے جیل سے باہر آنا لوہے کے چنے چبانے کے مترادف ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی پولیس نے رہنما پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)حلیم عادل شیخ کو مزید 3 مقدمات میں گرفتار کرلیا۔ حلیم عادل شیخ کو تھانہ فیروز آباد میں 2022 کے مقدمے میں گرفتار کیا گیا ہے جب کہ تھانہ ملیر سٹی اور نیو ٹاؤن تھانے میں درج مقدمات میں بھی انہیں گرفتار کیا گیا ہے۔ کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے تینوں تھانوں کے تفتیشی افسران کو جیل میں تحقیقات کی اجازت دے دی ہے۔ خیال رہے کہ حلیم عادل شیخ کی 9 مئی کے مقدمات میں ضمانت منظور ہوچکی ہے۔
دوسری جانب سندھ ہائی کورٹ میں حلیم عادل شیخ کی ممکنہ گرفتاری اور خفیہ انکوائریوں کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی جہاں ایف آئی اے اور ڈائریکٹر اینٹی انکروچمنٹ نے جواب جمع کرانے کے لیے مہلت مانگ لی۔ عدالت نے ڈی جی ایف آئی اے اور ڈائریکٹر اینٹی انکروچمنٹ سے آئندہ سماعت پر تحریری جواب طلب کرلیا۔ عدالت نے حلیم عادل شیخ کو کسی بھی گمنام ایف آئی آر اور انکوائری میں گرفتار کرنے سے روک رکھا ہے، عدالت نے اجازت کے بغیر حلیم عادل شیخ کو گرفتار نہ کرنے کی ہدایت کی تھی۔