چوکیدار کی غفلت، فرید کورٹ ایکسائز آفس کے تالے ٹوٹ گئے
ایکسائز آفس صبح 7:30 بجے کی بجائے 9:30 بجے کھلا ، افسران جب تالے توڑ کر اندر گئے تو چوکیدار خواب و خرگوش کے مزے لوٹ رہا تھا
لاہور(فیض احمد) ”بدن میں اتریں تھکن کے سائے تو نیند آئے”فرید کورٹ ایکسائز آفس چوکیدار خواب خرگوش کے مزے لوٹتا رہا اور آفس کے تالے ٹوٹ گئے، تالے کیوں ٹوٹے؟ وجہ سامنے آگئی۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ فرید کورٹ ایکسائز آفس چوکیدار خواب خرگوش کے مزے لوٹتا رہا،ایکسائز افسران سمیت اہلکار آفس کھلنے کے انتظار میں کھڑے رہ گئے،7:30پر کھلنے والا دفتر چوکیدار کی مبینہ غفلت کے باعث گزشتہ روز 9:15بجے کھلا،تالے توڑ کر جب افسران دفتر کے اندر داخل ہوئے تو دفتر کھولنے کی ذمہ داری والا چوکیدار اندر نیند کے مزے لوٹنے میں مصروف نکلا،افسران نے واقعے بارے انکوائری کی ہدایت جاری کر دیں،تفصیلات کے مطابق ایکسائز آفس فرید کورٹ ہاوس کی حفاظت کے لیے دو چوکیدار تعینات ہوتے ہیں جبکہ ایک چوکیدار چھٹی پر اور دوسرا چوکیدار جمیل ڈیوٹی پر تھا جس نے حسب معمول صبح ساڑھے 7 بجے دفتر کھولنا تھا تاکہ دفتری اوقات کار شروع ہونے سے قبل پورے آفس کی صفائی کی جا سکے لیکن گزشتہ روز ایکسائز آفس مقررہ وقت پر نہ کھل سکا اور صفائی کے لئے آنے والا عملہ بھی گیٹ پر کھڑا رہا اس دوران مذکورہ عملے نے کئی بار دروازہ پر آوازیں لگائیں لیکن دروازہ نہ کھولا گیا اور تقریبا 8 بجکر 45 منٹ پر بعض ایکسائز افسروں سمیت دیگر ملازمین دفتر کے گیٹ پر پہنچ گئے تو انہوں نے بھی چوکیدار جمیل کو آوازیں لگائیں لیکن پھر بھی دروازہ نہ کھولا گیا جس پر محکمہ ایکسائز کے ڈائریکٹرز اور ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر بھی 9 بجے سے قبل آفس پہنچ گئے دروازہ بند ہونے کے باعث باہر کھڑے رہے بعد ازاں صورتحال گھمبیر ہونے پر ایکسائز ملازمین کو گیٹ کے اوپر سے اندر بجھوایا گیا تو پتہ چلا کہ چوکیدار جمیل خواب خرگوش کے مزے لے رہا ہے اس دوران دفتر کو اندر سے کھولا گیا۔ذرائع کے مطابق ڈائریکٹر ایکسائز موٹر برانچ محمد آصف نے مذکورہ ملازم کے خلاف انکوائری کا حکم دے دیا ہے اور ڈپٹی ڈائریکٹر ایکسائز چوہدری وحید کو انکوائری افسر مقرر کر دیا ہے جبکہ ایکسائز ملازم جمیل کو معطل کر کے شوکاز نوٹس جاری کر دیا گیا ہے ۔ذرائع کے مطابق محکمہ ایکسائز حکام کی جانب سے ابتدائی رپورٹ جو تیار کی گئی ہے اس میں کہاں گیا ہے کہ ایکسائز آفس میں آج سے تمام ملازمین کی حاضری بائیومیٹرک سسٹم سے شروع ہونا تھی تاہم مذکورہ ملازم نے اس کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی ہے اس لئے بروقت دفتر نہیں کھولا گیا۔