پاکستان

عمران خان کی رہائی، شرجیل میمن کی عدالتوں چڑھائی، بڑا بیان داغ دیا

جو فورس ملکی سرحدوں کی پاسبانی کرتی ہے عمران خان اس کا امیج خراب کر رہا ہے، اداروں کے سربراہوں کو بلیک میل کرنے کی کوششیں کر رہا ہے: شرجیل میمن

کراچی (سٹاف رپورٹر، آن لائن)وزیر اطلاعات،ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ دو چار دنوں سے عدالتوں میں عمران خان کے لئے اتوار بازار لگایا گیا ہے، عمران خان جو چیز مانگ رہا ہے وہ بھی اس کو مل رہی ہے اور جو چیز نہیں مانگ رہا وہ بھی اس کو دی جا رہی ہے، ایسی صورتحال میں عوام پوچھ رہے ہیں کہ ہم کیا کریں، عوام سوچ رہے ہیں کہ وہ اب کس سے انصاف کا تقاضہ کریں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماء شرجیل انعام میمن نے کہا کہ گزشتہ روز عدالت نے ایک شخص کو انوکھا آرڈر دیا، یہ دنیا کا واحد شخص ہے جس کو تمام قتل معاف ہیں، آئین کی دھجیاں اڑانا، پاکستان کی معیشت تباہ کرنا، ملکی سالمیت کے خلاف سازشیں کرنا، دنیا کے ہر قانونی اور غیر آئینی معاملے میں اس شخص کو معافی دی گئی ہے۔شرجیل انعام میمن نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو بلینکیٹ بیل ملنا لمحہ فکریہ ہے، ایسی ضمانت ماضی میں کسی کو ملی ہے نہ آئندہ کسی کو ملے گی، جیسی ضمانت عمران خان کو دی گئی ہے، جس پر قانون، سماج اور ملکی آئین کو سمجھنے والا ہر شخص شرمندہ ہے۔ شرجیل میمن نے کہا کہ ہمارے لیڈروں کو ان عدالتوں کی طرف سے ماضی میں تختہ دار تک پہنچایا گیا، ہمارے کارکنان کے ساتھ زیادتیاں ہوئیں، لیکن عدالتوں کی طرف سے کبھی ان کو انصاف نہیں ملا، لیکن گذشتہ روز اعلیٰ عدالتوں میں ایک شخص کے لئے شاہی دسترخوان سجایا جا رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز عمران خان نے عدالت میں بیٹھ کر ایک بار پھر دھمکی دی ہے اور کہا کہ اگر دوبارہ گرفتار کیا گیا تو یہی کروں گا اور پھر ری ایکشن آئے گا۔عمران خان کی یہ دھمکی 22 کروڑ عوام کو تھی کہ اگر میں گرفتار ہوا تو دوبارہ سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا جائے گا، ٹرینیں اور بسیں جلیں گی۔ ادارے، کاروبار بند ہو جائیں گے، بچے اسکول نہیں جا سکیں گے اور طلبہ امتحانات نہیں دے سکیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک شخص نے ڈنڈے کے زور پر پورے ملک کو یرغمال بنا رکھا ہے اور قانون کو روند رہا ہے۔ شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ عمران خان کی عدالت سے ایک ویڈیو آئی تھی جس میں کہتا ہے کہ وہ عدالت میں بیٹھا ہے اور اس کو اغوا کیا گیا ہے۔ عمران خان یہ سب ججز کے لیے کہہ رہا تھا کہ اس کو اغوا کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس کو ایک بلینکٹ اپروول مل گئی ہے کہ کسی کیس میں اس کو گرفتار نہ کیا جائے، یہ کتنا مطلبی شخص ہے کہ ضمانت ملنے کے فوری بعد جیلوں میں بند اپنے کارکنان اور رہنماؤں کو پوچھنے کے بجائے اپنے گھر چلا گیا، ورکرز تباہی پھیلاتے رہیں اس کو کوئی فرق نہیں پڑتا۔

شرجیل میمن نے کہا کہ عمران خان لوگوں کو استعمال کر رہا ہے، نوجوانوں کو ورغلا رہا ہے، متعدد بار اس نے عورتوں اور بچوں کو ڈھال بنایا ہے، عمران خان قوم کی ماؤں بہنوں کو روڈوں پر نکال رہا ہے لیکن اس کی اپنی بہنوں اور اہلیہ کو اے سی کمرے بٹھا رکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان پوری قوم کو خطرے میں ڈال رہا ہے، اقتدار حاصل کرنے کے لئے اداروں کو دھمکا رہا ہے، عدالت کے کندھوں پر بیٹھ کر اقتدار حاصل کرنا چاہتا ہے۔شرجیل انعام میمن نے کہا کہ کل عمران خان غیر ملکی جریدے کو انٹرویو دے رہا تھا۔ کہہ رہا تھا کہ باقی سب سے معاملات ٹھیک ہیں، صرف ایک ادارے کے سربراہ سے ان کو مسئلہ ہے، یہ جھوٹا اور منافق شخص پاک فوج کے سربراہ کو بدنام کر رہا ہے، جو فورس ملکی سرحدوں کی پاسبانی کرتی ہے اس کا امیج خراب کر رہا ہے، اداروں کے سربراہوں کو بلیک میل کرنے کی کوششیں کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان ادارے کے سربراہ کو دھمکی دے رہا ہے کہ وہ ان کو بھی سابق چیف کی طرح بدنام کرے گا، یہ اس منافق شخص کی خواہش ہوسکتی ہے مگر ملک میں ایسا کچھ نہیں ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اقتدار میں رہتے ہوئے اور اقتدار سے ہٹ کر عمران خان نے ملک کی معیشت تباہ کی ہے، عمران خان کی افراتفری کی وجہ سے آئی ایم ایف پاکستان کی مدد کرنے کو آگے نہیں آرہا۔ان کا کہنا تھا کہ عمران خان پاکستان کے دشمن ممالک میں لابنگ کروا رہا ہے کہ خدانخواستہ پاکستان میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں، 10 سے 12 سال پہلے اس نے اسرائیل اور انڈیا کہ ساتھ ملکر اس نے سوشل میڈیا پر ایک نیٹ ورک بنایا، اقتدار کی ہوس اور بھوک اس شخص سے یہ کروارہی ہے، اس میں غیرت ہے تو بتائے القادر ٹرسٹ کے نام پر ڈکیتی کی کہانی کیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ عمران خان اپنی آمدنی اور دو نمبری کے طریقے قوم کو حلفیہ بتائے۔ ان کہنا تھا کہ میں کسی کی ذاتی زندگی پر نہیں جاتا مگر آج تک یہ شخص اعلانیہ طور پر نہیں بتا سکا ہے کہ اس کے بچے کتنے ہیں؟ اگر تم اپنے گھر میں انصاف نہیں کرسکتے تو بائیس کروڑ کے ساتھ کیا کرو گے۔شرجیل میمن نے میڈیا نمائندگان کو ملک میں ہوئے کشیدہ حالات سے متعلق ویڈیو دکھانے کے بعد کہا کہ بھارت کا صحافی کہہ رہا ہے جو کام بھارت اتنے سالوں میں نہیں کرسکا وہ کام آج عمران خان کررہا ہے۔ آج بھی خبریں ہیں کہ پی ٹی آئی کو برطانیہ میں بھارت سے فنڈنگ ہورہی ہے۔ملک میں پولیرائزیشن اور تقسیم کے لیے یہ سب کہا جارہا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button