پاکستان

پیپلزپارٹی کےنامزد گورنرپنجاب سلیم حیدرکی چوہدری نثارعلی خان سےرشتہ داری، تمام رازکُھل گئے

سردار سلیم حیدر خان مسلم لیگ (ن) کے سابق مرکزی رہنما اور وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کے قریبی رشتہ دار ہیں ۔سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے بھی انہیں کئی مرتبہ مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کی پیشکش کی

اسلام آباد (کھوج نیوز)پیپلزپارٹی کےنامزد گورنرپنجاب سلیم حیدرکی چوہدری نثارعلی خان سےرشتہ داری، تمام رازکُھل گئے۔رپورٹ کے مطابق نامزد گورنرپنجاب سردار سلیم حیدر   1969 میں ضلع اٹک کی تحصیل فتح جنگ کے گائوں ڈھرنال میں سردار شیر جنگ بہادر خان کے گھر پیدا ہوئے ،انہوں نے ایک متوسط گھرانے میں آنکھ کھولی جو کاشتکاری سے وابستہ تھی ،   سیاسی سفر کے دوران انہیں کئی مرتبہ مسلم لیگ (ن) اور پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے شمولیت کی دعوت بھی دی گئی لیکن انہوں نے معذرت کرلی اور وہ پیپلز پارٹی سے وابستہ رہے۔ سردار سلیم حیدر خان مسلم لیگ (ن) کے سابق مرکزی رہنما اور وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کے قریبی رشتہ دار ہیں ۔سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے بھی انہیں کئی مرتبہ مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کی پیشکش کی لیکن انہوں نے پیپلز پارٹی کا ساتھ نہیں چھوڑا۔ 
تفصیل کے مطابق  سردار سلیم حیدر نے ابتدائی تعلیم ڈھرنال کے مقامی سکول میں حاصل کی جس کے بعد وہ میٹرک کیلئے فتح جنگ کے ہائی سکول میں داخل ہو گئے ، میٹرک کرنے کے بعد انہوں نے سیٹیلائٹ ٹائون ڈگری کالج راولپنڈی میں داخلہ لیا اور وہاں سے گریجوایشن مکمل کی۔ سردار سلیم حیدر اس عرصہ کے دوران دو بار پیپلز سٹوڈنٹس فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری بھی رہے،انہیں زمانہ طالب علمی سے ہی سیاست کا گہرا شوق تھا اور وہ مرحوم ذوالفقار علی بھٹو کے دیوانے تھے، انہوں نے اسی جیالے پن کی وجہ سے جب عملی سیاست میں قدم رکھا تو پاکستان پیپلز پارٹی کا انتخاب کیا، انہیں سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو سے کئی بار ملاقات کا موقع ملا اور بے نظیر بھٹو ان کے جیالے پن اورولولے سے متاثر تھیں یہی وجہ تھی کہ جب وہ 2008کے عام انتخابات میں ٹکٹ کے حصول کیلئے دبئی میں بے نظیر بھٹو سے ملے تو انہوں نے براہ راست ان کا ٹکٹ کنفرم کیا،2008 کے عام انتخابات میں اٹک سے ان کا حلقہ این اے 59تھا جس سے وہ بھاری اکثریت سے ووٹ لے کر کامیاب ہوئے۔
 قبل ازیں انہوں نے پہلی مرتبہ 2002میں پی پی 18سے صوبائی اسمبلی کا الیکشن لڑا جس میں وہ ناکام رہے، اس الیکشن میں انہوں نے 37140ووٹ حاصل کئے مسلم لیگ (ق) کے ملک محمد انور نے انہیں شکست دی تھی، سردار سلیم حیدر نے 2008کے عام انتخابات میں مسلم لیگ (ق) کے امیدوار اور میجر (ر)طاہر صادق کے داماد وسیم گلزار کو 71400ووٹ لے کر شکست دی تھی،2008میں کامیابی کے بعد انہیں پہلی مرتبہ وزیر مملکت برائے دفاعی پیداوار کا عہدہ دیا گیا،2013کے عام انتخابات میں انہوں نے دوبارہ اٹک کے حلقہ این اے 59سے حصہ لیا لیکن اس مرتبہ مسلم لیگ (ق) کے امیدوار ذین الٰہی سے شکست کھا گئے جس میں انہیں 31831ووٹ ملے۔

بعد ازاں پارٹی نے انہیں شاندار خدمات پر ضلع اٹک کے صدر کی حیثیت سے ترقی دیتے ہوئے راولپنڈی ڈویژن کا پارٹی صدر مقرر کر دیا، ڈویژنل سربراہ ہونے کے ناطے وہ صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کے مزید قریب ہو گئے اہم پارٹی امور میں مشاورت میں شامل ہونے لگے،2022میں جب پی ڈی ایم کی حکومت بنی تو انہیں وزیراعظم کا معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز مقرر کر دیا گیا جس کے بعد  2024کے حالیہ انتخابات میں انہوں نے ایک مرتبہ پھر پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر اٹک سے الیکشن لڑا لیکن قسمت نے ان  کا ساتھ نہیں دیا اور وہ مسلم لیگ (ن) کے ملک سہیل خان سے شکست کھا گئے، حالیہ انتخابات میں انہوں نے 64ہزار ووٹ لئے۔
 صدر مملکت آصف علی زرداری اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سردار سلیم حیدر کی سیاسی خدمات اور والہانہ وابستگی کو پیش نظر رکھتے ہوئے انہیں پاکستان کے سب سے بڑے صوبہ پنجاب کا گورنر نامزد کرنے کا فیصلہ کیا جو ان کی پیپلز پارٹی سے والہانہ وابستگی اور خدمات کا اعتراف ہے۔ واضح رہے کہ سردار سلیم حیدر خان ایک عوامی رہنما ہیں جو ضلع اٹک میں مقبول ہیں ان کے دروازے ہر وقت عوام کیلئے کھلے رہتے ہیں، انہوں نے ضلع اٹک بالخصوص تحصیل فتح جنگ میں ریکارڈ ترقیاتی کام کروائے جنہیں حلقے کے عوام خوب سراہتے ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button