پاکستان

جیتی ہوئی نشست پر دوبارہ گنتی، حافظ نعیم الرحمن نے پیپلز پارٹی کی بانڈ بجا دی

دوبارہ گنتی کے نام پر جماعت اسلامی کی جیتی ہوئی نشستوں پر قبضہ ہرگز قبول نہیں کریں گے ' پیپلز پارٹی بھی جماعت اسلامی کے حقیقی مینڈیٹ کو تسلیم کرے: حافظ نعیم الرحمن

کراچی (سٹاف رپورٹر، آن لائن)امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن اور پیپلزپارٹی کی ملی بھگت سے دوبارہ گنتی کے نام پر جماعت اسلامی کی جیتی ہوئی نشستوں پر قبضہ ہرگز قبول نہیں کریں گے ، ہر قسم کے آئینی وقانونی اور جمہوری طریقے استعمال کرتے ہوئے عوام کے مینڈیٹ اور اپنے ایک ایک ووٹ اورنشست کا تحفظ کریں گے ،اسلام آباد ہائی کورٹ کے دوبارہ گنتی پر حکم امتناع کے فیصلے کے حوالے سے آج 29مارچ کی سماعت میں وہ (حافظ نعیم الرحمن)خود بھی شریک ہوں گے ،چیف الیکشن کمشنر قانون اور ضابطے کے تحت حق و انصاف پر مبنی فیصلہ کریں ،ہم فراغ دلی کے ساتھ پیپلزپارٹی کے مینڈیٹ کو تسلیم کرتے ہیں ،پیپلز پارٹی بھی جماعت اسلامی کے حقیقی مینڈیٹ کو تسلیم کرے ،ڈیجیٹل مردم شماری کے نام پر کراچی کے عوام کے ساتھ مذاق بند کیا جائے ،ادارہ شماریات جواب دے کہ بلاک کوڈ کی سطح پر مردم شماری کیوں نہیں کی جارہی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو ادارہ نورحق میں جماعت اسلامی کی جیتی ہوئی نشستوں پر قبضے کی کوششوں، دوبارہ گنتی پراسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم امتناع ،ملتوی شدہ نشستوں پر انتخابات اور مردم شماری کے حوالے سے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر جنرل سیکرٹری منعم ظفر خان ، نائب امیر کراچی راجا عارف سلطان ، ڈپٹی سیکریٹری کراچی یونس بارائی ،ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات صہیب احمد ودیگر بھی موجود تھے۔ حافظ نعیم الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے مزیدکہاکہ کراچی کے عوام نے جماعت اسلامی پر جواعتماد کیا ہے ،اس پر پورا اتریں گے ،ملتوی شدہ 11 نشستوں کے انتخابات اعلان کردہ شیڈول کے مطابق ہی کرائے جائیں ،پیپلز پارٹی ایک بار پھر سے انتخابات سے فرار کا راستہ اختیار کررہی ہے،جماعت اسلامی ان انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی،پی ٹی آئی ہائی کورٹ میں جماعت اسلامی کی جانب سے دائر پٹیشن شامل ہوجائے۔انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی واحد پارٹی ہے جو سب کو ساتھ لے کر چلنے کی صلاحیت رکھتی ہے ۔ ملک کی سب سے بڑی بد قسمتی ہے کہ الیکشن کمیشن پیپلز پارٹی کی بی ٹیم کا کردار ادا کررہا ہے،جن 6 نشستوں کا نوٹس خود الیکشن کمیشن نے لیاتھا اور ہماری بھی درخواست تھی کہ ان کے نتائج دھاندلی سے تبدیل کیے ہیں ،انہیں درست کیا جائے لیکن الیکشن کمیشن نے ان دھاندلی زدہ اور تبدیل شدہ بیلٹ پیپرز نتائج کو درست کرنے کے بجائے ان پر ری کاونٹنگ کا فیصلہ جاری کردیا گیاجبکہ ہمارا واضح اور دو ٹوک مؤقف تھا کہ ان 6 یوسیز کے ووٹوں کے تھیلوں کو آراوز اور ڈی آراوز سے لے کر الیکشن کمیشن اپنی تحویل میں لے کیونکہ ان سب کے بیلٹ پیپرز اور نتائج فارم بدلے جارہے ہیں لیکن ایسا نہیں کیا گیا اوردو ماہ کی تاخیر کے باعث پیپلز پارٹی کے آراوز اور ڈی آراوز نے ان کے ووٹ تبدیل کردیے ۔

انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی نے 6یوسیز کے 66 پولنگ اسٹیشنز پر اعتراضات کیے تھے لیکن الیکشن کمیشن نے 66 کے بجائے 17 اسٹیشنز پرری کاونٹنگ کا فیصلہ جاری کردیا جبکہ ضلع غربی کی 6 نشستوں میں ری کاونٹنگ کا کوئی مسئلہ ہی نہیں تھا دو ماہ تک فیصلہ محفوظ کرنے کے بعد ری کاونٹنگ کا کیوں کہا گیا،پیپلز پارٹی کی ملی بھگت سے آراوز اور ڈی آراوز نے اورنگی کی نشستوں کا رزلٹ تبدیل کردیا۔الیکشن کمیشن، پیپلز پارٹی اور حکومتی ادارے جس جس نے عوامی مینڈیٹ پر قبضہ کیا سب کو بے نقاب کریں گے۔حافظ نعیم الرحمن نے مزیدکہاکہ ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی اپنے ایڈمنسٹریٹر لگانے کے لیے تو تیار رہتے ہیں لیکن کراچی کو اس کا حق دینے کے لیے تیار نہیں۔کراچی اور حیدرآباد کی آبادی کو کم گن کر ان کا حق چھینا جارہاہے۔پیپلز پارٹی آبادی کو درست شمار کرانے کے بجائے اندرون سندھ اور کراچی شہر میں بھی وڈیرہ شاہی نظام مسلط کرنا چاہتی ہے۔کراچی کے عوام بے روزگار ہیں،نوجوانوں کو ملازمتین میسر نہیں ہیں ،ایم کیو ایم نے پی ٹی آئی کے ساتھ مل کوٹہ سسٹم میں غیر معینہ مدت تک اضافہ کیااورکوٹہ سسٹم میں بھی دیہی وشہری کوٹے میں تقسیم کرکے شہریوں کو ملازمتوں سے محروم کیا جاتا ہے۔انہوں نے کہاکہ جعلی اور فراڈ مردم شماری کسی صورت قبول نہیں ،مردم شماری میں قومی شناختی کارڈ کا اندراج ضروری ہونا چاہیے،جو جہاں رہتا ہے اسے شمار وہیں کیا جائے۔انہوں نے مزیدکہاکہ شہر میں آئے روز اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں میں اضافہ ہورہا ہے،کراچی سمیت پورے ملک میں بدترین مہنگائی ہے،رمضان المبارک کے ماہ مقدس میں مہنگائی میں مزید اضافہ کردیا گیاہے،عوام کے لیے سحر و افطار بھی مشکل کردیا گیا ہے،جماعت اسلامی نے شہر کے مختلف مقامات پر سستے بازار لگائے ہیں اور ماہ رمضان میں عوام کو ریلیف دینے کی کوشش کی ہے،حکومت کی ذمہ داری ہے کہ بد ترین مہنگائی کو کم کرکے عوام کو ریلیف فراہم کرے۔

میکسیکومیں آتشزدگی، 39 سے زائد افراد ہلاک، 40 زخمی

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button