پاکستان

کے پی کے اور پنجاب میں الیکشن کروانے کی آخری امید کیا؟ پرویز الٰہی بول اٹھے

کے پی کے میں الیکشن کروانے کیلئے سپریم کورٹ آخری امید ہے، پنجاب اور کے پی میں انشاء اللہ الیکشن ضرورہوں گے: چودھری پرویزالٰہی

لاہور (آن لائن) سابق وزیراعلیٰ پنجاب و مرکزی صدر پاکستان تحریک انصاف چودھری پرویزالٰہی سے سپیکر خیبرپختونخواہ اسمبلی مشتاق احمد غنی، رائو عبدالرحمن، سابق صوبائی وزیر بائو رضوان و دیگر رہنمائوں نے ملاقات کی۔ سپیکر مشتاق احمد غنی نے چودھری پرویزالٰہی کو خیبرپختونخواہ میں الیکشن سے متعلق سپریم کورٹ میں دائر درخواست سے متعلق پیش رفت سے آگاہ کیا اور سیاسی امور پر مشاورت کی۔

چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ خیبرپختونخواہ اسمبلی کے الیکشن کروانے کیلئے سپریم کورٹ ہی آخری امید ہے، پنجاب اور کے پی کے میں انشاء اللہ الیکشن ضرور ہوں گے، حکمران ہر وہ حربہ آزما رہے ہیں جس سے وہ الیکشن سے بھاگ سکیں، نااہل شہباز شریف حکومت ملک میں سیاسی عدم استحکام پیدا کرنا چاہتی ہے، سپریم کورٹ کے واضح حکم کے باوجود شہباز شریف اور کابینہ ایک ہی ہٹ دھرمی پر قائم ہیں کہ الیکشن نہیں کروانے، سپریم کورٹ کے خلاف پارلیمنٹ سے غیر آئینی قراردادیں منظور کروانا توہین عدالت ہے، ایک ایک وزیر کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت غیر آئینی اقدامات اٹھا کر پارلیمنٹ اور اداروں کے پیچھے چھپنے کی ناکام کوشش کر رہی ہے، فیصلہ آنے کے بعد کوئی ادارہ سپریم کورٹ کی حکم عدولی نہیں کر سکتا، شہبازشریف کی فوج کو متنازعہ بنانے کی منصوبہ بندی انشاء اللہ کبھی کامیاب نہیں ہو گی، فوج ہمیشہ آئین اور اپنے عوام کے ساتھ کھڑی ہوتی ہے۔

چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ پارلیمنٹ خود الیکشن کی پیداوار ہوتی ہے وہ کس طرح الیکشن کی مخالفت کر سکتی ہے لیکن یہاں حال یہ ہے کہ نگران حکومت سوائے الیکشن کروانے کے وہ سب کام کر رہی ہے جو اس کے دائرہ اختیار میں نہیں آتے۔ چودھری پرویزالٰہی نے مزید کہا کہ انتخابات الیکشن کمیشن نے کرانے ہیں حکومت نے نہیں، الیکشن کمیشن سپریم کورٹ کے فیصلہ پر عملدرآمد شروع کر چکا ہے، شیڈول آ چکا ہے اور ضابطہ اخلاق بھی جاری ہو چکا ہے، الیکشن کمیشن کے عدالتی فیصلہ ماننے کے بعد حکومت کی ”میں نہ مانوں” کی رٹ کوئی اہمیت نہیں رکھتی، عدلیہ کے خلاف اشتعال انگیز تقریریں الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی بھی خلاف ورزی ہیں اس لیے الیکشن کمیشن کو عدلیہ کے خلاف حکومت کی بیان بازی کا نوٹس لینا چاہئے۔

بلاول پر تنقید، نرگس فیض ملک نے مسرت جمشید چیمہ پر تنقید کے نشتر چلا دیئے

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button