صفائی کے شاندار انتظامات، وزیراعلیٰ پنجاب نے عملے کو بڑے انعام سے نواز دیا
آپ نے مثالی خدمت کرکے ستھرا پنجاب کی نئی تاریخ رقم کی، شدید گرمی میں عوام کی خدمت قابل تعریف اور قابل فخر ہے' ایک ماہ کی تنخواہ انعام میں دینے کا اعلان

لاہور(کھوج نیوز) عید الاضحی کے موقع پر صوبہ پنجاب میں صفائی کے شاندار انتظامات پر وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے صفائی عملے کو ایک ماہ کی تنخواہ بطور انعام دینے کا اعلان کردیاہے۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم میاں نوازشریف کی صاحبزادی اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھاکہ آپ نے مثالی خدمت کرکے ستھرا پنجاب کی نئی تاریخ رقم کی، شدید گرمی میں عوام کی خدمت قابل تعریف اور قابل فخر ہے۔ وزیر اعلیٰ نے میونسپل اداروں، ویسٹ منیجمنٹ کمپنیوں کے افسران اور عملے کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ منتخب نمائندوں، میڈیا اور عوام کا بھی شکریہ جنہوں نے اداروں کا ساتھ دے کر صفائی مہم کو کامیاب بنایا۔ دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے عید کے 3 دن بہترین صفائی اورعوامی خدمت پر وزیراعلی پنجاب ،مریم نواز اورٹیم کو شاباش دی۔ انہوں نے کہا کہ شدید گرمی میں عملے نے جس محنت سے کام کیا، قابل تعریف ہے، آپ کو سلام پیش کرتا ہوں۔



