بشریٰ بی بی کی عدت نکا ح کیس میں بریت کے بعد نئے کیس میں گرفتاری کا امکان
ویمن پولیس کی نفری، ایس ایچ او تھانہ ویمن بھی اڈیالہ جیل پہنچ گئیں' اڈیالہ جیل گیٹ نمبر5 کے داخلی راستے پر ایلیٹ فورس کی گاڑیاں کھڑی کردی گئیں

اسلام آباد(کھوج نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی عدت نکاح کیس میں بریت کے بعد ان کی نئے کیس میں گرفتاری کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق نکاح عدت کیس میں بریت کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی ایک اور نئے کیس میں گرفتاری کا امکان ہے ذرائع نے بتایا ہے کہ نیب کی جانب سے بشری بی بی کے انکوائری میں عدم تعاون پر وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کا امکان ہے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر محسن ہارون کی سربراہی میں نیب ٹیم اڈیالہ جیل پہنچ گئی اور نیب ٹیم گیٹ 5 سے اڈیالہ جیل کے اندر روانہ ہوئی۔
ذرائع نے بتایاکہ نیب ٹیم کی جانب سے توشہ خانہ کے نئے کیس میں بشری بی بی کی گرفتاری کا امکان ہے۔ بشری بی بی کواڈیالہ جیل سے رہاکرکے دوبارہ گرفتار کرنے کا امکان ہے۔ راولپنڈی پولیس کی اضافی نفری اڈیالہ جیل کے گیٹ نمبر5 پر تعینات ہے۔ویمن پولیس کی نفری، ایس ایچ او تھانہ ویمن بھی اڈیالہ جیل پہنچ گئیں۔ اڈیالہ جیل گیٹ نمبر5 کے داخلی راستے پر ایلیٹ فورس کی گاڑیاں کھڑی کردی گئیں۔