نوازشریف، شہباز شریف، عمران خان اور آصف زرداری کا مستقبل کیا ہوگا؟ مقتدرہ کیا کرنے والی ہے؟
ملک کی سینئر قیادت کی رخصتی یا غیر حاضری کے بعد مستقبل میں ایک بہت بڑے سیاسی خلا کاسامنا ہوگااور مقتدرہ کو فوری یہ مسئلہ درپیش ہوگا جس کیلئے پلاننگ کی جا رہی ہے

لاہور(کھوج نیوز) پاکستان کے سینئر قیادت نوازشریف، شہباز شریف ، عمران خان اور آصف علی زرداری کا مستقبل کیا ہوگا؟ مقتدرہ کیا کرنے والی ہے؟ اس حوالے سے بڑی خبر سامنے آگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سینئر صحافی و کالم نگار سہیل وڑائچ کا کہنا تھا کہ نواز شریف، شہباز شریف ،عمران خان اور آصف زرداری سارے ہی پاکستان میں اوسط عمر کے حوالے سے بہت بوڑھے ہو چکے ہیں، اللہ سب کو عمر ِخضر عطا کرے مگر موت اور بیماریاں تو انسانی دائرے کا حصہ ہیں ۔اس لئے ملک کی سینئر قیادت کی رخصتی یا غیر حاضری کے بعد مستقبل میں ایک بہت بڑے سیاسی خلا کاسامنا ہوگا۔اب جبکہ مقتدرہ اپنی طرف سے سب بڑے خطرات کا قلع قمع کر چکی ہے اسے فوری مسئلہ یہ درپیش ہو گا کہ سیاسی خلا کو کیسے پر کرنا ہے۔
انہوں مزید کہا کہ یہ الگ بات ہے کہ تحریک انصاف میں حکومت چلانے کی صلاحیت نہ پہلے تھی نہ اب ہے، اس کے ساتھ ایک ٹھاٹھیں مارتا ہجوم ضرور ہے مگر پنجاب میں نہ صوبائی سطح پر اسکی کوئی تنظیم ہے، نہ کوئی ضلعی سطح پر۔ایک الیکشن تو پی ٹی آئی جیت سکتی ہے مگر اس کے بعد اس کا مستقبل بھی تابناک نظر نہیں آتا ۔ عدلیہ کی طرف سے خطرات سے نمٹا جا چکا اور کسی حد تک منصفوں سے موجودہ نظام تلپٹ کرنے کا خطرہ ٹل گیا ہے ۔آئی ایم ایف پیکیج ملنے سے ڈیفالٹ اور معاشی ابتری کا خدشہ بھی ختم ہو گیا ۔فوجی عہدوں میں توسیع سے مقتدرہ کے عہدیدار پہلے سے زیادہ مضبوط اور مستحکم ہو گئے ہیں ۔نظام کی مضبوطی کے باوجود یہ سوال بہرحال اب بھی موجود ہے کہ عوامی پسندیدگی اور حمایت کے بغیر یہ نظام دیرپا نہیں ہوسکتا۔اس لئے ایسا لگ رہا ہے کہ کچھ نیا ہونے والا ہے۔