پی ٹی آئی کے احتجاجی مظاہرے، قومی خزانے کو کتنے ارب کا نقصان پہنچا؟ ہوشر باء اعدادو شمار سامنے آگئے
حکومت پی ٹی آئی کے دھرنوں اور مظاہروں پر قابو پانے کے لیے اب تک 2 ارب 70 کروڑ روپے خرچ کر چکی ہے: چونکا دینے والی رپورٹ میں انکشاف

اسلام آباد(کھوج نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے احتجاجی مظاہروں سے قومی خزانے کو کتنے ارب کا نقصان پہنچا؟ اس حوالے سے ہوشرباء اعداد و شمارنے سب کو چونکا کر رکھ دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق 18ماہ کے دوران تحریک انصاف کے دھرنوں اور احتجاج سے نمٹنے پر حکومتی اخراجات کے اعداد و شمار سامنے آگئے۔ جس کے مطابق حکومت پی ٹی آئی کے دھرنوں اور مظاہروں پر قابو پانے کے لیے اب تک 2 ارب 70 کروڑ روپے خرچ کر چکی ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ صرف 80 کروڑ روپے 3 ہزار کنٹینرز کے کرائے کی مد میں ادا کیے جاچکے ہیں، جب کہ 90 کروڑ روپے سے زائد کی رقم سیکیورٹی اہلکاروں کی ٹرانسپورٹ کی نذر ہوچکے ہیں۔ اسی طرح تقریبا ڈیڑھ ارب روپے کے اخراجات پولیس کے کھانے اور ٹرانسپورٹ پر خرچ ہوئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ایف سی، رینجرز اور فوج کی تعیناتی پر 30کروڑ روپے ہوئے ہیں۔ جب کہ ان مظاہروں اور دھرنوں کے دوران ایک ارب 50 کروڑ روپے مالیت کی سرکاری و غیر سرکاری املاک کو نقصان پہنچا۔