پارا چنار کیلئے ادویات و دیگر سامان بھیجنے کا معاملہ، پنجاب کابینہ نے بڑی منظوری دیدی
پارا چنار کے عوام ہمارے اپنے ہیں، مصیبت اور مشکل میں انہیں تنہا نہیں چھوڑ سکتے، موبائل ہیلتھ یونٹ بھی پارا چنار بھیجا جائیگا: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا اجلاس سے خطاب

لاہور(کھوج نیوز) پارا چنار کے لئے ادویات اور دیگر امدادی سامان بھیجنے کی منظوری کے حوالے سے پنجاب کابینہ نے بڑی منظوری دے دی جس کے بعد موبائل ہیلتھ یونٹ بھی پارا چنار بھیجا جائیگا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت ہونے والے صوبائی کابینہ کے اجلاس میں پارا چنار کے لوگوں کی درخواست پر ادویات اور دیگر سامان بھیجنے کی منظوری دی گئی۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ پارا چنار کے عوام ہمارے اپنے ہیں، مصیبت اور مشکل میں انہیں تنہا نہیں چھوڑ سکتے، موبائل ہیلتھ یونٹ بھی پارا چنار بھیجا جائیگا۔ انہوں نے کہا الٹراسانڈ جتنی بڑی مشین میں لیکوڈ نائٹروجن سے کینسر ٹیومر کو ختم کیا جا سکتا ہے، چین کی یہ جدید ترین تکنیک اپنانے سے کیمو تھراپی کی ضرورت نہیں پڑتی، پنجاب میں بھی کینسر کے چینی علاج کا پائلٹ پراجیکٹ شروع کر رہے ہیں۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ چین کے اسکولوں، اسپتالوں اور سڑکوں پرکوئی کاغذ تک پڑا نہیں دیکھا، چین کی 60 بڑی کمپنیوں نے پنجاب میں سرمایہ کاری پر آمادگی ظاہر کی ہے۔