ایک بار پھر عمران خان پر قسمت مہربان، فیصلہ موخر
عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کا فیصلہ ایک بار پھر موخر کر دیا گیا ہے، جج احتساب عدالت اب 17 جنوری کو فیصلہ سنائیں گے

اسلام آباد (کھوج نیوز )پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کا فیصلہ ایک بار پھر موخر کر دیا گیا ہے۔ جج احتساب عدالت ناصر جاوید رانا اب 17 جنوری کو فیصلہ سنائیں گے۔
احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے کہا کہ میں صبح 8 بجے سے عدالت میں موجود ہوں، عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری بی بی عدالت پیش نہیں ہوئے، جبکہ انہیں 2 مرتبہ پیش ہونے کے لیے پیغام بھی بھیجا گیا۔ لہذا اب آئندہ سماعت پر فیصلہ سنایا جائے گا۔ جج اڈیالہ جیل سے روانہ ہو گئے۔
احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے 18 دسمبر 2024 کو فریقین کے دلائل کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ پہلے 23 دسمبر 2024 کو فیصلہ سنانے کی تاریخ دی گئی جو بعد میں 6 جنوری 2025 تک موخرکردی گئی تھی۔ بعد ازاں 13 جنوری کو فیصلہ سنانے کا دن مقرر کیا گیا۔
190 ملین پاؤنڈ کیس کا ریفرنس یکم دسمبر 2023 کو دائر ہوا تھا۔ 6 جنوری 2024 کو 6 شریک ملزمان مرزا شہزاد اکبر، فرحت شہزادی و دیگر کو اشتہاری قرار دیا گیا تھا۔