پنجاب میں خواتین کے حقوق سے متعلق پالیسی پر پہلااہم اجلاس
اس اجلاس میں خواتین کے حقوق سے متعلق قانون سازی، پالیسی اور گورننس کے فریم ورک کا جائزہ لیا گیا، کمیٹی کی جانب سے سیاسی، سماجی اور اقتصادی شعبوں میں صنفی امتیاز کے خاتمے کیلئے اقدامات کا جائزہ بھی لیا گیا

لاہور (کھوج نیوز)اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان کے ہمراہ ممبر صوبائی اسمبلی پنجاب اور کنوینئر کمیٹی آن جینڈر مین سٹریمنگ کا پہلا اجلاس ہوا ۔ اس اجلاس میں کمیٹی کے ممبران سید علی حیدر گیلانی، خرم خان ورک، محمد خان لغاری،سلمی سعید اور دیگر ممبران نے بھی شرکت کی ۔ سٹریمنگ کمیٹی کے اجلاس میں یو ایس ایمبیسی، برٹش ہائی کمیشن، یو این ایف پی اے اور سرچ فار جسٹس این جی او کے نمائندوں نے بھی خصوصی شرکت کی ۔
اس اجلاس میں خواتین کے حقوق سے متعلق قانون سازی، پالیسی اور گورننس کے فریم ورک کا جائزہ لیا گیا۔ کمیٹی کی جانب سے سیاسی، سماجی اور اقتصادی شعبوں میں صنفی امتیاز کے خاتمے کیلئے اقدامات کا جائزہ بھی لیا گیا۔
اس موقع پر کنوینئر کمیٹی سارہ احمد کا کہنا تھا کہ و زیراعلی پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے کمیٹی آن جینڈر مین سٹریمنگ تشکیل دی ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی قیادت میں خواتین کے تحفظ کیلئے انقلابی اقدامات کئے گئے ہیں اور آگے اس میں مزید بہتری بھی لائی جائے گی۔سارہ احمد نے کہا کہ معاشرتی ترقی کیلئے خواتین کو تحفظ اور مساوی حقوق فراہم کرنا بہت ضروری ہے ،کام کی جگہ پر خواتین کو محفوظ ماحول فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔