پاکستان نے سال 2024میں دنیا میں سب سےزیادہ سولر درآمد کیے اس کی وجوہات کیا تھیں ؟
2024میں پاکستان نے دنیا کو پیچھے چھوڑتے ہوئے سب سے زیادہ سولر پینلز درآمد کیے ہیں، درآمد کیے گئے سولر پینلز کی مجموعی پیدا کردہ بجلی 17 گیگا واٹ بنتی ہے

لاہور (کھوج نیوز ) برطانوی توانائی تھنک ٹینک ایمبر نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ سال 2024 میں پاکستان نے دنیا کو پیچھے چھوڑتے ہوئے سب سے زیادہ سولر پینلز درآمد کیے ہیں۔رپورٹ کے مطابق سال 2024 میں درآمد کیے گئے سولر پینلز کی مجموعی پیدا کردہ بجلی کو جمع کیا جائے تو 17 گیگا واٹ بجلی بنتی ہے۔
ماہرین کے مطابق 17 گیگا واٹ کے ان سولر پینلز کی درآمدات کا ملک میں بجلی کی طلب سے موازنہ کیا جائے تو متبادل توانائی موجودہ بجلی کا نصف بنتی ہے۔پاکستان میں سولر پینلز کی درآمد میں اس حد تک اضافہ کیوں ہوا؟اس کی کئی وجوہات ہو سکتی ہیں ۔
بجلی کی لوڈشیڈنگ :
پاکستان میں کئی سالوں سے بجلی کی شدید قلت رہی ہے۔ خاص طور پر گرمیوں میں، دیہی علاقوں میں روزانہ کئی کئی گھنٹے لوڈشیڈنگ ہوتی تھی۔ شہری علاقوں میں بھی بجلی کا آنا جانا معمول بن چکا تھا۔ اس مسئلے سے بچنے کے لیے لوگوں نے متبادل ذرائع کی تلاش کی، جن میں سولر انرجی ایک بہترین آپشن تھی ۔
بجلی کے بلوں میں ہوشربا اضافہ:
ہر سال بجلی کے نرخ بڑھتے جا رہے تھے، جس سے گھریلو اور تجارتی صارفین پر مالی بوجھ بڑھ رہا تھا۔ سولر سسٹم لگا کر لوگ بجلی کے مہنگے بلوں سے بچنا چاہتے تھے۔
ماحولیاتی شعور میں اضافہ:
کچھ صارفین ماحولیاتی تبدیلی اور آلودگی سے بچا ؤکے لیے کلین انرجی کی طرف مائل ہوئے۔ سولر انرجی ماحول دوست ہے اور اس میں کاربن اخراج نہیں ہوتا، اس لیے کچھ لوگوں نے اسے ماحول کی بہتری کے لیے اپنایا۔
گورنمنٹ سبسڈی یا اسکیمز:
حکومت کی طرف سے سولر پینلز پر سبسڈی یا آسان قسطوں پر اسکیمز متعارف کروائی گئیں، جس کی وجہ سے لوگ زیادہ تعداد میں سولر سسٹم خریدنے لگے۔ خاص طور پر زرعی صارفین کے لیے ایسے اقدامات کیے گئے تاکہ وہ پانی کے پمپ سولر سے چلا سکیں۔ ابھی حالیہ پنجاب میں وزیر اعلی سولر اسیکم متعارف کی گئی ہے جس میں ہزاروں افراد کو حکومت کی جانب سے نفت سولر فراہم کیے جا رہے ہیں ۔
کاروباری مواقع اور تجارتی استعمال:
کاروباری حضرات نے بھی سولر انرجی کو ایک سرمایہ کاری کے طور پر دیکھا۔ فیکٹریز، دفاتر اور دکانیں دن کے وقت اپنی ضرورت کی بجلی خود پیدا کر کے نہ صرف بچت کرتے تھے بلکہ اضافی بجلی نیٹ میٹرنگ کے ذریعے واپس گرڈ میں بھیج کر فائدہ لے رہے ہیں۔
نیٹ میٹرنگ کی سہولت:
نیپرا کی طرف سے نیٹ میٹرنگ کی اجازت ملنے کے بعد صارفین کو یہ موقع ملا کہ وہ اپنی ضرورت سے زائد پیدا ہونے والی بجلی واپسی گرڈ کو دے کر کریڈٹ حاصل کریں۔ یہ سہولت لوگوں کو سولر کی طرف مزید مائل کرنے کا باعث بنی۔