پاکستان

ٹرمپ کی ناقص پالیسیاں، پاکستان سمیت ایشیائی سٹاک مارکیٹ کو بڑا دھچکا

یورپ اور ایشیا کی متعدد مارکیٹس کی طرح پاکستان سٹاک ایکسچینج میں بھی نئے ہفتے کے پہلے کاروباری روز میں شدید مندی کا رجحان ریکارڈ کیا گیا ہے

اسلام آباد(کھوج نیوز) امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان سمیت ایشیائی سٹاک مارکیٹ کو بڑا دھچکا لگ گیا ہے جو پوری دنیا کے لئے حیران کن خبر ہے۔

تفصیلات کے مطابق یورپ اور ایشیا کی متعدد مارکیٹس کی طرح پاکستان سٹاک ایکسچینج میں بھی نئے ہفتے کے پہلے کاروباری روز میں شدید مندی کا رجحان ریکارڈ کیا گیا۔ پیر کو کاروبار کے آغاز کے کچھ ہی دیر بعد ہنڈرڈ انڈیکس میں 6287 پوائنٹس کی تاریخی کمی واقع ہوئی جس کے باعث کاروبار کو عارضی طور پر معطل کرنا پڑا۔ پاکستانی تجزیہ کاروں کی مطابق حصص مارکیٹ میں پوائنٹس کے تناسب سے یہ ایک روز میں ہونے والی سب سے بڑی کمی ہے تاہم وقفے کے بعد مارکیٹ نے کسی حد تک ریکور کیا اور کاروبار کے اوقات کے اختتام پر ہنڈرڈ انڈیکس 114909 پوائنٹس پر بند ہوا، یعنی مجموعی طور پر پیر کے روز انڈیکس میں 3882 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی۔

اسی طرح یورپ اور ایشیائی سٹاک مارکیٹس بھی شدید گراوٹ کا شکار ہیں اور انھیں شدید مندی کا سامنا ہے۔ پیر کے روز شنگھائی سے ٹوکیو اور سڈنی سے ہانگ کانگ تک تمام بڑی سٹاک مارکیٹس شدید مندی کا شکار ہوئیں۔ ایشیا کی سٹاک مارکیٹس سے وابستہ ایک تجزیہ کار نے بی بی سی کو بتایا کہ یہ خون کی ہولی ہے۔ پیر کے روز پاکستان سٹاک ایکسچینج میں کاروبار کا آغاز منفی زون میں ہوا جب انڈیکس 1700 پوائنٹس منفی کے ساتھ اوپن ہوا اور اس کے بعد اس میں مسلسل کمی ریکارڈ کی گئی اور دن کے اختتام تک 100 انڈیکس میں مجموعی طور پر 3882 پوائنٹس کی کمی واقع ہوئی۔ سٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاروں کی جانب سے حصص کی فروخت کا رجحان غالب ہے۔

مارکیٹ تجزیہ کار اس مندی کی وجہ عالمی سطح پر سٹاک مارکیٹوں میں کمی کو قرار دیتے ہیں جو امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے دنیا کے مختلف ممالک پر ٹیرف عائد کیے جانے کی وجہ سے مندی کا شکار ہوئیں۔ ایشیا ایک ایسا خطہ ہے جو عالمی سطح پر فروخت ہونے والی بہت سی اشیا تیار کرتا ہے اور انھیں برآمد کرتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ایشیائی ممالک صدر ٹرمپ کی جانب سے امریکہ درآمد ہونے والی اشیا پر ٹیرف یا اضافی ٹیکس عائد ہونے سے براہ راست متاثر ہو رہے ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button