پاک بھارت کشیدگی، قومی قیادت کو اہم بریفنگ آج متوقع
وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ اور ڈی جی آئی ایس پی آر آج تمام سیاسی جماعتوں کی اعلیٰ قیادت کو قومی سلامتی کی صورتحال پر بریفنگ دیں گے

اسلام آباد(کھوج نیوز) بھارت کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پس منظر میں وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ اور ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری آج تمام سیاسی جماعتوں کی اعلیٰ قیادت کو قومی سلامتی کی صورتحال پر بریفنگ دیں گے۔
سرکاری میڈیا کے مطابق یہ بریفنگ ملک کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال، بھارت کے ساتھ تعلقات اور حالیہ پیش رفت کے تناظر میں دی جائے گی۔ بریفنگ میں سیاسی رہنماؤں کو پاک فوج کی تیاری، سفارتی کوششوں اور ریاست کے مؤقف سے آگاہ کیا جائے گا۔
بھارت نے 22 اپریل کو مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں سیاحوں پر ہونے والے مہلک حملے کے بعد پاکستان پر بغیر کسی ثبوت کے سرحد پار روابط کا الزام لگایا تھا۔ پاکستان نے اس الزام کو مسترد کرتے ہوئے غیر جانبدار تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
اس حملے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ بھارت نے اپنی فوج کو آپریشنل آزادی دی ہے جبکہ پاکستان نے کسی بھی ممکنہ حملے کے پیش نظر اپنی فوجی تیاری بڑھا دی ہے۔پاکستان کی جانب سے گزشتہ روز جوہری صلاحیت رکھنے والے میزائل عبداللی کا جدید ورژن کامیابی سے تجربہ کیا گیا جس کی رینج اب 450 کلومیٹر ہو گئی ہے۔ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے واضح کیا کہ بھارت کی کسی بھی مہم جوئی کا فوری اور سخت جواب دیا جائے گا۔
آزاد کشمیر میں بھی ممکنہ صورتحال کے پیش نظر سرحدی علاقوں میں گندم اور اشیائے خورونوش کے ذخائر میں اضافہ کیا جا رہا ہے تاکہ دو ماہ تک ضرورت پوری کی جا سکے۔ گولہ باری سے متاثرہ علاقوں سے فوڈ ڈپو محفوظ مقامات پر منتقل کیے جا رہے ہیں۔



