عمران خان کی جیل میں صحت کیسی ہے؟ جیل انتظامیہ نے سچائی سے پردہ اٹھا دیا
بانی پی ٹی آئی عمران خان کو جیل میں بی کلاس کی تمام سہولیات حاصل ہیں، بانی پی ٹی آئی کے تمام اعضا رئیسہ کا معائنہ کیا جاتا ہے، وہ مکمل صحت مند ہیں: جیل انتظامیہ

راولپنڈی (کھوج نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی جیل میں صحت کیسی ہے؟ اڈیالہ جیل انتظامیہ نے سچائی سے پردہ اٹھا کر پی ٹی آئی رہنمائوں کی بولتی بند کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اڈیالا جیل انتظامیہ نے بتایا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی سکیورٹی اور صحت سے متعلق فرائض بھرپور ادا کر رہے ہیں۔ بانی پی ٹی آئی کو دی گئی سہولیات بی کلاس کے دیگر قیدیوں کو میسر نہیں، ان کو حاصل سہولیات میں خوراک، مطالعہ کتب و اخبارات سمیت ورزش اور واک شامل ہیں، بانی پی ٹی آئی کو ایکسرسائز سائیکل اور ایل ای ڈی کی سہولت میسر ہے، بانی پی ٹی آئی اپنے احاطے کیکھلے صحن میں 2 گھنٹے روزانہ ایکسر سائز کرتے ہیں۔
جیل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تین مہینوں میں 66 خواتین اور حضرات نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتیں کیں، ملاقات کرنے والوں میں پارٹی لیڈرز، فیملی ممبرز اور وکلاء شامل تھے، عام انتخابات اور 26 نومبر کے احتجاج پر بانی پی ٹی آئی ہدایات جاری کرتے رہے ہیں، حکومت سے مذاکرات اور 26 ویں آئینی ترمیم پر بھی بانی پی ٹی آئی ہدایات جاری کرتے رہے ہیں، جیل سے جاری بانی پی ٹی آئی کے بیانات 45 مرتبہ اہم سرخیوں میں شامل ہوئے ہیں۔ جیل انتظامیہ کے مطابق جیل میں متعین ڈاکٹر بانی پی ٹی آئی کا طبی معائنہ کرتے ہیں، بانی پی ٹی آئی کے تمام اعضا رئیسہ کا معائنہ کیا جاتا ہے، دو ہفتوں میں بانی پی ٹی آئی کو کسی قسم کی بیماری یا عارضہ رپورٹ نہیں ہوا ، بانی پی ٹی آئی مکمل صحت مند ہیں، ان کے اعضا رئیسہ مقررہ معیار کے مطابق ہیں۔
اڈیالا جیل انتظامیہ نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی سے متعلق سوشل میڈیا اور میڈیا پر آئی افواہوں میں کوئی صداقت نہیں، سستی شہرت حاصل کرنے کے لیے سنسنی پھیلائی جارہی ہے، جیل میں بانی پی ٹی آئی کے ساتھ کوئی امتیازی سلوک نہیں کیا جارہا۔ جیل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ2 سال میں بانی پی ٹی آئی عالمی میڈیا سے بھی انٹریکشن کرچکے ہیں، بانی پی ٹی آئی جیل سے مین اسٹریم میڈیا اور اخبارات سے مخاطب ہوتے رہے ہیں۔