صوبائی حکومت اور اپوزیشن میں بڑا معاہدہ طے
حکومت و اپوزیشن کے درمیان اتفاق رائے ہوگیا ، آج کا اجلاس نتیجہ خیز رہا آئندہ اپوزیشن و حکومتی ارکان کی طرف سے گالم گلوچ اور ممبرکی تضحیک نہیں کی جائیگی

لاہور(کھوج نیوز) پنجاب اسمبلی میں 26ارکان کی معطلی اور نا اہلی ریفرنس پر صوبائی حکومت اور اپوزیشن میں بڑا معاہدہ طے پا گیا ہے؟ اس میں کیا معاملات طے پائے؟ تفصیل سامنے آگئی۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی میں 26 ارکان کی معطلی اور نااہلی ریفرنس کے معاملے پر پنجاب اسمبلی میں حکومتی و اپوزیشن کمیٹی کا اجلاس ختم ہوگیا۔ اجلاس میں ایوان میں نازیبا الفاظ استعمال نہ کرنے پراتفاق ہوا۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے مذاکراتی کمیٹی کے مذاکرات کامیاب ہونے پر مبارک باد دی ہے۔ اسپیکرملک محمد احمد خان کا کہنا ہے کہ گالم گلوچ کی روایات کو نہ دہرایا جائے، اپوزیشن کو احتجاج کا حق ہے مگر آئین کے مطابق۔
صوبائی وزیرپارلیمانی امور مجتبیٰ شجاع الرحمان نے بتایا کہ حکومت و اپوزیشن کے درمیان اتفاق رائے ہوگیا ہے، آج کا اجلاس نتیجہ خیز رہا آئندہ اجلاس میں اپوزیشن و حکومتی ارکان کی طرف سے گالم گلوچ اور ممبرکی تضحیک نہیں کی جائیگی۔ مجتبیٰ شجاع الرحمان کا کہنا تھا کہ اتفاق رائے ہوا ہے کہ لیڈر آف دی اپوزیشن کی ایوان میں بات کو وزن دیا جائیگا،کوئی نعرے بازی نہیں کی جائیگی جس سے لیڈر آف اپوزیشن ڈسٹرب ہوں، وزیراعلیٰ مریم نواز کے خطاب میں بھی کوئی احتجاج نہیں ہوگا اور نہ نعرے لگیں گے۔