پاکستان

صحافی خاور حسین کی پُراسرار موت سے قبل کی ویڈیو منظر عام پر آگئی

سانگھڑ میں کار سے مردہ پائے گئے کراچی کے صحافی خاور حسین کی موت سے چند لمحے قبل کی ایک ویڈیو منظر عام پر آگئی۔

دو روز قبل سانگھڑ میں حیدرآباد روڈ پر گاڑی سے نجی نیوز چینل سے وابستہ صحافی خاور حسین کی لاش ملی۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ صحافی کی پُراسرار ہلاکت کی تحقیقات جاری ہیں۔ 

پولیس کے مطابق ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بظاہر خودکشی سامنے آئی ہے، صحافی کے سر میں لگی گولی اس کے اپنے لائسنس یافتہ پستول کی ہے۔

پولیس حکام کا بتانا ہے کہ صحافی کی گاڑی کی کھڑکیاں بند تھیں، فنگر پرنٹس، سی سی ٹی وی ویڈیو سمیت دیگر شواہد حاصل کرلیے گئے ہیں جبکہ کال ڈیٹا ریکارڈز (سی ڈی آر) 24 گھنٹوں کے اندر دوبارہ حاصل کیے جائیں گے۔

سامنے آنے والی ویڈیو:

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی کا جائزہ لیا جا رہا ہے، فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ خاور حسین نے اپنی گاڑی کھڑی کی، پھر ریسٹورینٹ میں جاتے، آتے اور واپس گاڑی میں بیٹھتے نظر آرہے ہیں، مرنے سے قبل خاور حسین 2 بار ریسٹورینٹ میں آئے اور گئے۔

پولیس حکام کے مطابق 2 عینی شاہدین نے خاور حسین کو گاڑی سے ریسٹورینٹ میں آتے جاتے دیکھا مگر کسی بھی عینی شاہد نے گولیوں کی آوازیں سننے کی اطلاع نہیں دی۔

دوسری جانب صحافی خاور حسین کی ہلاکت کی تحقیقات کے لیے کمیٹی بنا دی گئی ہے جس کے سربراہ  ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی آزاد خان ہیں، کمیٹی دو روز میں رپورٹ مکمل کر کے آئی جی سندھ کو بھیجے گی۔

مزید تحقیقات کے لیے خاور حسین کی لاش کو حیدرآباد کے مردہ خانے میں منتقل کر دیا گیا ہے تاہم مکمل پوسٹ مارٹم رپورٹ کا ابھی انتظار ہے جب کہ اسلحہ اور گاڑی کو فارنزک جانچ کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button