پاک فوج ہیلی کاپٹر حادثہ، 2میجر سمیت 5اہلکار شہید

راولپنڈی (کھوج نیوز) گلگت بلتستان کے ہڈور گاؤں کے قریب پاک فوج کا ایک ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہوگیا جس میں 2میجر سمیت 5اہلکار شہید ، وزیراعظم شہباز شریف نے اظہار تعزیت بھی کیا۔
تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بتایا ہے کہ ہیلی کاپٹر کو حادثہ آج صبح 10 بجے کے قریب اس وقت پیش آیاجب ہیلی کاپٹر معمول کی تربیتی پرواز پر تھا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ تربیتی مشنز آرمی ایوی ایشن کی معمول کی سرگرمیوں کا حصہ ہیں جب کہ ہیلی کاپٹر کو حادثہ فنی خرابی کے باعث پیش آیا۔ آئی ایس پی آر کا بتانا ہے کہ حادثے میں 2 میجرز سمیت 5 اہلکار شہید ہوئے جن میں میجر عاطف، میجر فیصل، فلائٹ انجینئر نائب صوبیدار مقبول،کریو چیف حوالدار جہانگیر ، کریو چیف نائیک عامر شامل ہیں۔
دوسری جانب وزیراعظم نے گلگت میں آرمی ایوی ایشن کے تربیتی ہیلی کاپٹرکے حادثے پر افسوس کا اظہار کیا اور شہید ہونے والے میجر عاطف، میجر فیصل سمیت دیگر شہدا کے بلند درجات کی دعا کی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے شہدا کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے اہلخانہ کے صبر جمیل کی دعا کی۔