اسلام آباد ایک بار پھر کنٹینروں سے سج گیا، پولیس کی بھاری نفری تعینات

اسلام آباد(کھوج نیوز) تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے اسلام آباد کی جانب مارچ کو روکنے کیلئے وفاقی دارالحکومت کو ایک بار پھر کنٹینروں سے سجا دیا گیا ہے اور پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ٹی ایل پی کے اسلام آباد کی جانب مارچ کے اعلان کے بعد وفاقی دارالحکومت کے داخلی راستوں پر کنٹینرز پہنچا دیے گئے ہیں اور جگہ جگہ پولیس کی نفری بھی تعینات کر دی گئی ہے۔ پولیس ذرائع کا بتانا ہے کہ آج شام کے بعد اسلام آباد کسی بھی وقت سیل کردیا جائے گا، ریڈ زون کو کچھ دیر بعد مکمل طور پر سیل کردیا جائے گا اور صرف مارگلہ روڈ سے مجاز افراد کو آنے جانے کی اجازت ہو گی۔
ذرائع کے مطابق اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں ٹی ایل پی کارکنوں کے خلاف کریک ڈان جاری ہے جس میں متعدد کارکنوں کو گرفتار بھی کیا جا چکا ہے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹی ایل پی کے مارچ کے باعث موبائل فون سگنل کی بندش کے حوالے سے بھی فیصلہ زیر غور ہے۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ انتظامیہ کی جانب سے مری روڈ فیض آباد کے ہوٹلز خالی کرنے کے احکامات بھی جاری کردیے گئے ہیں۔