عمران خان سے بیرسٹر سلمان صفدر کی ملاقات، کیا گفتگو ہوئی؟

راولپنڈی (کھوج نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان سے بیرسٹر سلمان صفدر کی جیل میں ملاقات ہوئی؟ دونوں کے درمیان کیا گفتگوہوئی؟ تمام تر تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر کی ملاقات 3 گھنٹے تک جاری رہی۔بیرسٹر سلمان صفدرکا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت ٹھیک ہے، بانی پی ٹی آئی تک پوری رسائی دی گئی ہے۔ بیرسٹرسلمان صفدر کا کہنا تھا کہ رپورٹ سپریم کورٹ میں داخل کرانے تک کچھ نہیں کہوں گا، دیکھ لیں میں 3گھنٹے بعد باہر آیا ہوں۔ اس سے قبل عمران خان کے خلاف دائر توشہ خانہ فوجداری کیس کی سماعت چیف جسٹس پاکستان یحیی آفریدی اور جسٹس شاہد بلال حسن پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کی۔
سپریم کورٹ نے توشہ خانہ فوجداری کیس میں ایڈووکیٹ سلمان صفدر کو فرینڈ آف دی کورٹ مقرر کرتے ہوئے اڈیالہ جیل میں عمران خان کی بیرک تک رسائی کی اجازت دی۔ عدالت نے کہا کہ 24 اگست 2023 کے حکمنامے کے تحت جو رپورٹ تھی اس وقت بانی پی ٹی آئی اٹک جیل میں تھے، یہ مناسب ہیکہ بانی پی ٹی آئی کی لِونگ کنڈیشن پر رپورٹ منگوائی جائے، سلمان صفدر بطور فرینڈ آف دی کورٹ اڈیالہ جیل جائیں، سلمان صفدر کو بانی پی ٹی آئی کی بیرک تک رسائی دی جائے تاکہ وہ تحریری جواب دیں، سلمان صفدر کل تک تحریری رپورٹ جمع کرائیں۔



