کیا کترینہ کیف کو فلم’بچنا اے حسینو‘ سےنکال دیا گیا تھا؟
بالی ووڈ کی باربی ڈول اداکارہ کترینہ کیف نے انکشاف کیا ہے مشہور فلم ’بچنا اے حسینو‘ سے ان کا کردار نکال دیا گیا تھا۔
بالی ووڈ(شوبز ڈیسک) بالی ووڈ کی باربی ڈول اداکارہ کترینہ کیف نے انکشاف کیا ہے مشہور فلم ’بچنا اے حسینو‘ سے ان کا کردار نکال دیا گیا تھا۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق حالیہ انٹرویو کے دوران اداکارہ نے جہاں اپنی نئی فلم ’میری کرسمس‘ کے حوالے سے کھل کر گفتگو کی تو وہیں انہوں نے ماضی کی مشہور فلم ’بچنا اے حسینو‘ سے متعلق بھی انکشاف کرکے حیران کردیا۔
انہوں نے بتایا کہ 2008 میں ریلیز ہونے والی فلم ’بچنا اے حسینو‘ میں انہیں ابتدائی طور پر کاسٹ کیا گیا تھا لیکن حتمی اسکرپٹ سے ان کا کردار نکال دیا گیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ مجھے مذکورہ فلم میں چوتھی لڑکی کے لیے کاسٹ کیا گیا تھا لیکن بعدازاں اس کردار کو فلم کی اسکرپٹ سے نکال دیا گیا۔
یاد رہے کہ سدھارتھ آنند کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم ’بچنا اے حسینو‘ کی مرکزی کاسٹ میں رنبیر کپور کے مدمقابل بپاشا باسو، دیپیکا پڈوکون، اور منیشا لامبا تھیں۔ اس فلم کی کہانی ایک ایسے لڑکے کے گرد گھومتی ہے جو زندگی کے مختلف مراحل میں 3 مختلف لڑکیوں کو محبت کے جھوٹے جال میں پھنسا کر دھوکا دیتا ہے تاہم پھر وہی تینوں لڑکیاں اسے سبق سکھاتی ہیں۔