کبری ٰخان سے ملنے جانیوالی لڑکی 3لاکھ روپے سمیت کراچی سے بازیاب
لائبہ کو ہیومن انٹیلی جنس سمیت جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے بازیاب کرایا گیا

لاہور(شوبزڈیسک) پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ کبریٰ خان سے ملنے کے لیے لاہور سے کراچی جانے والی مغویہ بچی کو بازیاب کرالیا گیا۔تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی انویسٹی گیشن لاہور ڈاکٹر انوش مسعود چوہدری کے نوٹس پر بروقت کارروائی کی گئی جس کے بعد 13 سالہ مغویہ بچی لائبہ عمران کو 72 گھنٹوں میں کراچی سے بحفاظت بازیاب کروا لیا گیا۔انچارج انویسٹی گیشن فیصل ٹان محمد ولید نے اپنی ٹیم کے ہمراہ بچی لائبہ کو بازیاب کروایا جبکہ ڈاکٹر انوش مسعود چوہدری نے اپنے دفتر میں بچی کو والدین کے سپرد کیا۔
لائبہ کو ہیومن انٹیلی جنس سمیت جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے بازیاب کروایا گیا، بچی کی بحفاظت بازیابی پر والدین نے ایس ایس پی انویسٹی گیشن کو پھول پیش کیے اور شکریہ ادا کیا۔13 سالہ لائبہ معروف پاکستانی اداکارہ کبری خان کی مداح ہے اور وہ بغیر بتائے گھر سے 3 لاکھ روپے لیکر کبری خان سے ملنے کراچی چلی گئی تھی۔بچی کے بھائی نے تھانہ فیصل ٹان میں اس کے اغوا کا مقدمہ درج کروایا تھا، بچی کی بحفاظت بازیابی پر ایس ایس پی انویسٹی گیشن نے پولیس افسران میں تعریفی اسناد تقسیم کیں۔اس موقع پر ایس ایس پی ڈاکٹر انوش مسعود نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔