اکشے کمار کی حاضردماغی سے کس ہیروئن کی جان بچ گئی،اداکارہ کا بڑا انکشاف
ایک فلم کی شوٹنگ کے دوران اکشے کمارنے حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہیروئن کو موت کے منہ سے بچایا

ممبئی (شوبز ڈیسک) اداکار فلموں کی شوٹنگ کے دوران کئی یادیں سمیٹتے ہیں۔ کچھ خوشگوار، کچھ ناخوشگوار اور کچھ تلخ و شیریں لمحات ان کی زندگی کا حصہ بن جاتے ہیں۔ فلموں کی شوٹنگ کے دوران اداکاروں کا زخمی ہونا یا کسی ناخوشگوار واقعے کا سامنا کرنا کوئی نئی بات نہیں۔ ایسا ہی ایک واقعہ اس وقت پیش آیا جب اکشے کمار نے حقیقی زندگی میں اپنی کواداکارہ کی جان بچائی۔
اکشے کمار کا شمار ان اداکاروں میں ہوتا ہے جو زیادہ تر اپنے ایکشن سین خود کرتے ہیں۔ وہ اپنی فٹنس اور خطرناک اسٹنٹس کرنے کے لیے مشہور ہیں۔ ایک فلم کی شوٹنگ کے دوران، انہوں نے حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ہیروئن کو موت کے منہ سے بچایا۔ یہ واقعہ اداکارہ لارا دتہ کی ڈیبیو فلم کے دوران پیش آیا تھا۔
لارا دتہ نے 2003میں اکشے کمار اور پریانکا چوپڑا کے ساتھ فلم انداز سے بالی وڈ میں ڈیبیو کیا۔ یہ فلم راج کنور کی ہدایتکاری میں بنی اور زیادہ تر شوٹنگ کیپ ٹاؤن میں ہوئی۔ شوٹنگ کے دوران، ایک خطرناک واقعہ پیش آیا جب لارا دتہ کو سمندر کی لہروں نے اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ ایک انٹرویو میں لارا دتہ نے بتایا کہ ہم گانے کی شوٹنگ کے دوران ذرا ایڈونچرس ہو گئے اور سمندر میں چلے گئے۔ اگلے ہی لمحے ہم لہروں میں بہہ گئے۔ اکشے نے فورا حاضر دماغی دکھائی اور میری جان بچائی۔
