سرگودھاپولیس کی بڑی کارروائی ، دو طالبات بازیاب
سرگودھا سے تین ماہ قبل مبینہ طورپراغوا کی گئیں دو لڑکیوں کو سرگودھا پولیس نے بازیاب کروا دیا

سرگودھا( کھوج نیوز) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ سیکنڈائیر کی دونوں طالبات کو بیرونی ملک فروخت کرنے والے گروہ سے بازیاب کراکر مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا ہے۔ڈی پی او کے مطابق 2 اکتوبر کو سرکاری کالج کی سکینڈ ائیر کی 2 طالبات پراسرار طور پر لاپتہ ہوگئی تھیں، والدین کی مدعیت میں نامعلوم افراد کے خلاف اغوا کا مقدمہ بھی درج کیا گیا تھا۔
انہوں نے بتایاکہ طالبات کی بازیابی کیلئے بلوچستان میں ایران بارڈر، سیالکوٹ، اسلام آباد، راولپنڈی اور گوجرانوالہ میں آپریشن کیا گیا، آج دونوں سہیلیوں کو لڑکیاں بیرون ملک فروخت کرنے والے گروہ سے بازیاب کرالیا گیا ہے جبکہ مرکزی ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش کی جارہی ہے۔ڈی پی او نے دعوی کیا کہ کہ مغوی لڑکیوں کو مختلف شہروں میں لے جا کر مبینہ زیادتی کا نشانہ بھی بنایا گیا، مغوی لڑکیوں کا میڈیکل کروایا جارہا ہے، واقعے کی مزید تحقیقات بھی جاری ہیں۔



