پانی کا بڑا بحران، شہری پریشان
شہر کی مرکزی 84 انچ کی پانی کی پائپ لائن جامعہ کراچی کے قریب منگل کی صبح پھٹ گئی، جس سے لاکھوں گیلن پانی ضائع ہو گیا اور شہر کو سپلائی معطل ہو گئی

کراچی(کھوج نیوز)پاکستان کا سب سے بڑا شہر ایک بار پھر سنگین پانی کے بحران کا شکار ہو گیا ہے، اور اس بار بھی وجہ وہی پرانی ناقص منصوبہ بندی، غفلت اور مفاد پرستی ہے۔
شہر کی مرکزی 84 انچ کی پانی کی پائپ لائن جامعہ کراچی کے قریب منگل کی صبح پھٹ گئی، جس سے لاکھوں گیلن پانی ضائع ہو گیا اور شہر کو سپلائی معطل ہو گئی۔ کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن (کے ڈبلیو ایس سی)نے پانی کی فراہمی روک کر مرمت کا کام شروع کر دیا ہے، جو امکان ہے کہ ہفتہ کی شام تک مکمل ہو جائے گا۔
مرمت کے دوران دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کے 10 پمپ بند کر دیے گئے ہیں، جس سے شہر کو روزانہ 200 ملین گیلن پانی کی کمی کا سامنا ہے۔ تین دنوں میں مجموعی طور پر 700 ملین گیلن پانی کی قلت ہو چکی ہے۔
اس بحران سے شہر کے کئی علاقے متاثر ہوئے ہیں، جن میں کورنگی، لانڈھی، شاہ فیصل کالونی، گلستانِ جوہر، گلشنِ اقبال، پی آئی بی کالونی، لیاقت آباد، ناظم آباد، گلبرگ، پرانا شہر اور ڈیفنس-کلفٹن شامل ہیں۔



