پی ایس ایل سیزن 9، میچز کی سکیورٹی فوج اور رینجرز کے سپرد
محکمہ داخلہ پنجاب نے پی ایس ایل میچوں کی سکیورٹی کے لیے فوج اور ر ینجرز کی خدمات حاصل کرنے کیلئے ریکوزیشن وفاقی حکومت کو ارسال کر دی ہے
لاہور(کھوج نیوز) پنجاب حکومت نے پاکستان سپر لیگ سیزن 9کے میچز کی سکیورٹی کیلئے فوج اور رینجرز کی خدمات جبکہ میچز کی فضائی نگرانی کیلئے ہیلی کاپٹر کی خدمات مانگ لی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ داخلہ پنجاب نے پی ایس ایل میچوں کی سکیورٹی کے لیے فوج اور ر ینجرز کی خدمات حاصل کرنے کیلئے ریکوزیشن وفاقی حکومت کو ارسال کر دی ہے۔ رینجرز اور فوج لاہور ر،اولپنڈی اور ملتان کے میچوں کے لیے طلب کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ پنجاب حکومت نے پی ایس ایل میچز کیلئے فوج کی لائٹ کمانڈو بٹالین اور فضائی نگرانی کیلئے ہیلی کاپٹر بھی مانگ لیے ہیں اور ایس ایس جی کمانڈوز کی پلاٹون بھی طلب کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے نویں ایڈیشن کے میچز 17 فروری سے 4 شہروں کراچی، لاہور، ملتان اور راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔ ایونٹ کا فائنل 18 مارچ کو کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں ہوگا۔