کھیل

گال ٹیسٹ:پاک سری لنکا سیریز،رضوان کی شرکت مشکوک

آئی سی سی ٹیسٹ چیمپین شپ کے دو ٹیسٹ کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ اتوار سے گال میں شروع ہونے جارہا ہے

کولمبو(سپورٹس ڈیسک) بابر اعظم کی قیادت میں قومی ٹیم کے پہلے ٹیسٹ کے گیارہ کھلاڑیوں پر مشاورت قریباً مکمل ہوچکی ہے، ابتداء میں توقع تھی کہ ٹیم مینجمنٹ نائب کپتان محمد رضوان کو بطور بیٹس مین کھلانے میں دل چسپی رکھتی ہے تاہم ہم بن ٹوٹا میں سری لنکا بورڈ پریذیڈنٹ الیون کے خلاف 67 گیندوں پر 83 رنز بناکر بائیں ہاتھ سے کھیلنے والے شان مسعود نے اپنا کیس مضبوط کرلیا ہے۔

دوسری جانب اطلاعات کے مطابق ڈائریکٹر کرکٹ مکی آرتھر بھی حتمی ٹیم میں محمد رضوان کو بطور بیٹس مین کھلانے کے حق میں نہیں ہیں،51 ٹیسٹ میچوں میں 38.85 کی اوسط سے 2992رنز بنانے والے سابق کپتان سرفراز احمد نیوزی لینڈ کے خلاف گذشتہ سال دو ٹیسٹ کی چار اننگز میں 335رنز بنائے تھے، بطور وکٹ کیپر قومی ٹیم کی پہلی چوائس ہیں۔

نیوزی لینڈ کے خلاف نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں آخری ٹیسٹ کھیلنے والی ٹیم میں امکان ہے کہ حسن علی کی جگہ شاہین شاہ آفریدی اور میر حمزہ کی جگہ نعمان علی حتمی ٹیم کا حصہ بنیں گے۔

پاکستان ٹیم گال ٹیسٹ میں دو فاسٹ بولرز اور دو مستند اسپنرز کے ساتھ میدان میں اترنے کا ارادہ رکھتی ہے جبکہ آغا سلمان بطور آل راؤنڈر ٹیم میں شامل ہوں گے، ایک سال پہلے پاکستان ٹیم نے گال میں دو ٹیسٹ کھیلے تھے، پہلا ٹیسٹ قومی ٹیم چار وکٹ سے جیتی تھی جبکہ دوسرے ٹیسٹ میں سری لنکا نے 246 رنز کے واضح فرق سے فتح حاصل کی تھی۔

گال میں اتوار سے شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ کے لیے پاکستان کے ممکنہ گیارہ کھلاڑیوں میں امام الحق، عبداللّٰہ شفیق، شان مسعود، بابر اعظم (کپتان) سعود شکیل، سرفراز احمد ( وکٹ کیپر) آغا سلمان، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، نعمان علی اور ابرار احمد ہوں گے ۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button