ٹیکنالوجی

سوشل میڈیا ایپ ”ایکس” نے صارفین کو بڑا جھٹکا دے دیا

کمپنی کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم کو اسپام اور چیٹ بوٹس پر مبنی اکاؤنٹس کی صفائی شروع کی جا رہی ہے جو ایکس قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہیں

امریکا( مانیٹرنگ ڈیسک) سوشل میڈیا ایپ ”ایکس” نے صارفین کو بڑا جھٹکا دے دیا ‘ ایکس (ٹوئٹر کا نیا نام) کی جانب سے صارفین کو کہا گیا ہے کہ آنے والے دنوں میں ان کے فالوورز کی تعداد میں نمایاں کمی آسکتی ہے۔

انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق کمپنی کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم کو اسپام اور چیٹ بوٹس پر مبنی اکاؤنٹس کی صفائی شروع کی جا رہی ہے۔ کمپنی کی جانب سے یہ اعلان ایک ایکس پوسٹ پر کیا گیا۔ کمپنی نے بتایا کہ ایک بڑی مہم شروع کی جا رہی ہے جس کے تحت ایسے اکاؤنٹس کی صفائی کی جائے گی جو ایکس قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہیں۔ ایلون مسک کافی عرصے سے ایکس میں اسپام مواد کی روک تھام کے بارے میں بات کرتے رہے ہیں۔ درحقیقت نومبر 2022 میں انہوں نے کہا تھا کہ اسپام مواد کی روک تھام ان کی اولین ترجیح ہے مگر اسپام پوسٹس کی روک تھام توقعات سے زیادہ مشکل ثابت ہوئی کیونکہ ایلون مسک نے کمپنی کی ٹرسٹ اینڈ سیفٹی ٹیم کے متعدد افراد کو فارغ کر دیا تھا۔

آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی میں پیشرفت سے بھی اسپام مواد کی روک تھام زیادہ مشکل ہوگئی ہے۔ ایلون مسک نے بوٹس کی روک تھام کے لیے اکانٹس ویریفکیشن ماہانہ فیس سے مشروط کر دی تھی مگر اس سے بھی کوئی فرق نہیں پڑا۔ کمپنی کے مطابق اسپام اور بوٹس کی صفائی بڑے پیمانے پر ہوگی جس کے نتیجے میں صارفین کے فالوورز کی تعداد کم ہو سکتی ہے۔ ایکس کی جانب سے ایک ایسے فارم کا لنک شیئر کیا گیا جہاں اس مہم کے دوران متاثر ہونے والے صارفین اپیل کر سکتے ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button