کیو آر کوڈز کیا ہیں’یہ کیسے اور کس نے بنائے؟
کیو آر کوڈز کا قیام عمل میں آیا اور جاپانی کمپنیوں میں انہیں بہت زیادہ مقبولیت ملی

لاہور(ٹیکنالوجی ڈیسک)موجودہ عہد میں کیو آر کوڈز کا استعمال کافی عام ہوچکا ہے اور مختلف سروسز میں انہیں استعمال کیا جا رہا ہے۔ کووڈ 19 کی وبا کے دوران کیو آر کوڈز کا استعمال زیادہ بڑھا اور واٹس ایپ کے ویب ورژن کے لیے تو ان کا استعمال برسوں سے ہو رہا ہے۔مگر کیا آپ کو معلوم ہے کہ کیو آر کوڈ میں کیو آر کن الفاظ کا مخفف ہے؟ اس کا جواب کافی دلچسپ ہے۔ کیو آر سے مراد کوئیک ریسپانس ہے اور اس کوڈ سسٹم کو 1994 میں ایک جاپانی ٹیم نے تیار کیا تھا۔
اسی ٹیم نے بار کوڈ ٹیکنالوجی کو بھی تشکیل دیا تھا اور پھر مختلف اداروں کی جانب سے شکایت کی گئی کہ بار کوڈز میں زیادہ ڈیٹا اکٹھا نہیں ہوتا جس کے باعث انہیں مشکلات کا سامنا ہو رہا ہے۔ تو ماشیرو ہارا اور ان کی ٹیم نے یہ سوچنا شروع کیا کہ کس طرح بڑے پیمانے پر تفصیلات کو مختصر کوڈ میں سمایا جائے۔واٹس ایپ ویب ورژن کیلئے اب کیو آر کوڈ اسکین کرنا ضروری نہیں ہے۔کیو آر کوڈز بنانے والی ٹیم نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ ہم 10 سال سے بار کوڈ ریڈر بنا رہے تھے تو ہم اس مسئلے کو سمجھ سکتے تھے اور ہمیں اسٹرٹیجگ گیم گو کا بورڈ دیکھ کر کیو آر کوڈ سسٹم کا خیال آیا جس میں بہت زیادہ تفصیلات جمع کی جاسکتی تھیں۔ اس طرح کیو آر کوڈز کا قیام عمل میں آیا اور جاپانی کمپنیوں میں انہیں بہت زیادہ مقبولیت ملی۔
مگر ماشیرو ہارا کیو آر کوڈز کو متعدد ایپس میں دیکھ کر حیران ہوئے، خاص طور پر مالیاتی سروسز اور کووڈ وبا کے دوران کیسز کی ٹریکنگ کے لیے۔ انہوں نے بتایا کہ ‘مجھے خوشی ہے کہ کیو آر کوڈز کو لوگوں کے تحفظ کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے، 1994 میں ہماری توجہ معیشت پر مرکوز تھی اور ہم نے کبھی ان کوڈز کے اس طرح کے استعمال کے بارے میں نہیں سوچا تھا’۔ایک کیو آر کوڈ ہزاروں ہندسوں اور حروف کو اسٹور کر سکتا ہے اور اگر کوڈ میں کوئی مسئلہ ہو تو بھی اسکینرز انہیں آسانی سے سمجھ لیتے ہیں۔ ماشیرو ہارا نے 2023 میں ایک کانفرنس کے دوران بتایا تھا کہ وہ اب کیو آر کوڈ 2.0 کی تیاری پر کام کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ‘میں نئے کیو آر تیار کرنے پر کام کر رہا ہوں اور اس میں کچھ وقت لگ سکتا ہے مگر یہ موجودہ ورژن سے کافی مختلف ہوں گے، نئے کوڈ سسٹم میں رنگ بھی ہوں گے جبکہ نئے کوڈ اسکوائر کی بجائے تکونی شکل کے ہوسکتے ہیں’۔ انہوں نے مزید بتایا کہ نئے کیو آر کوڈز میں موجودہ ڈیزائن کے مقابلے میں زیادہ تفصیلات اسٹور کی جاسکے گی۔